اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر رانا تنویر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے جب کہ اس دوران ایوان میں شور شرابا بھی ہوا۔
اسد قیصر سے جھڑپ میں رانا تنویر نے تحریک انصاف کو فاشسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تو ہٹلر اور مسولینی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، انہوں نے سرکاری وسائل کے ذریعے وفاق پر چڑھائی کی، ان کو غلط اطلاع دی جاتی ہے کہ پنجاب حکومت چھاپے مار رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال تباہی کرنے پر آپ کو شرم آنی چاہیے، پنجاب حکومت چاہے تو 10 لاکھ لوگ لاسکتی ہے، آپ پنجاب سے 5 بندے بھی نہیں نکال سکے۔