Daily Roshni News

لفظ اہم ہوتے ہیں ۔

لفظ اہم ہوتے ہیں ۔
سنو! سُر سَنگیت کی دنیا کے بےتاج بادشاہ
تم شاد و آباد رہو
جان کی امان پاؤں تَو اک عرض کروں؟
تم اپنے آلاتِ موسیقی سے دلوں کے تار چھیڑ سکتے ہو
مگر اسے گِیت کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے تمہیں لفظ تو چاہئیے ناں ؟
کیونکہ بِناں لفظوں کے تمہارے دِلنشیں شاہکار کو ایک خوبصورت دُھن تَو کہا جا سکتا ہے
مگر گیت نہیں ۔
سنو !
اے خوبصورت خوش گلو پَیکر
مانا تم آواز کی دنیا کے بےتاج بادشاہ ہو
مگر تمہیں اپنی دلکش آواز سے دنیا کو مسحُور کرنے کے لیے لفظ تو چاہئیے ہوں گے ناں ۔
بِناں لفظوں کی سیڑھی کے تم دلوں میں کیسے اُتر سکتے ہو ؟
تَو پھر تسلیم کیوں نہیں کرتے کہ لفظ تمہارے ہُنر کی روح ہیں
روشنی ہیں رنگ ہیں وجود ہیں۔
سُنو! تسلیم کرلو
مان لو کہ لفظ اہم ہوتے ہیں۔
فاطمہ نجیب

Loading