لمرک میں مقیم اہل تشیع کمیونٹی کے زیر اہتمام عظیم الشان میلادالنبیؐ کانفرنس کا انعقاد ۔
تمام مکاتب فکر کی شرکت نے بین المسلمین اتحاد و یگانگت کا عملی ثبوت پیش کیا
کانفرنس کے مہمان خصوصی آغا سید صبیح حسن زیدی کی شرکت اور خصوصی خطاب ۔
لمرک آئرلینڈ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔وسیم بٹ سے ) یوں تو سارا سال حضور نبی اکرمؐ کہ تذکار جمیل کی محافل منعقد ہوتی رہتی ہیں لیکن جونہی ربیع الاول کی آمد ہوتی ہے مسرتوں اور خوشیوں کا ایک سیل رواں شہر شہر قریہ قریہ امڈ آتا ہے اہل ایمان وا رفتگی کے عالم میں محافل میلاد اور جلسہ و جلوس کی صورت میں اپنے محبوب نبیؐ سے اپنی قلبی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں ۔
اسی قلبی محبت و عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے آئرلینڈ کے شہر لمرک میں مقیم اہل تشیع کمیونٹی کے زیر اہتمام گرین ہیل ہوٹل میں ایک عظیم الشان میلاد النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد اور بچوں نے شرکت کر کے بین المسلمین اتحاد و یگانگت کا عملی ثبوت پیش کیا ۔ آئرلینڈ میں اہل تشیع کے نامور عالم دین آغا سید صبیح حسن زیدی اس کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے اس کے علاوہ حافظ گل نواز خان اور لمرک سٹی کے کونسلر آزاد تعلقدار نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔کانفرنس کا آغاز علی حسن تلاوت قرآن پاک سے کیا نعت خواں حضرات اور بچے جن میں ڈاکٹر گلزار احمد ۔علی شرجیل ۔ میاں محمد شاہد ۔حسب اللہ اور بابر خان نے حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کر کے محفل پر کیف و سرور اور روحانی کیفیت طاری کر دی جس سے نعرہ تکبیر نعرہ رسالتؐ اور نعرہ حیدریؑ کی فلک شگاف نعروں سے پورا ہال گونج اٹھا اس کے علاوہ لمرک کے مدرسہ علم صادق کے ننھے بچوں نے مل کر اپنی خوبصورت آواز میں اسمائے الحسنہ پڑھ کر حاضرین سے خوب داد حاصل کی جبکہ اس کانفرنس کی نقابت کے فرائض سبطین عباس نے ادا کیے۔
مقررین میں حافظ گل نواز خان ۔ کونسلر آزاد تعلقدار (راقم)وسیم بٹ اور مہمان خصوصی آغا سید صبیح حسن زیدی نے اپنے خطابات میں میلاد النبیؐ کی فضیلت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محبت رسولؐ ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفیؐ کے بغیر ممکن نہیں جشن میلادالنبیؐ ذکر حبیب کا بہترین واسطہ اور ذریعہ ہے یوم میلاد النبیؐ منانا مستحسن اور جائز عمل ہے بلکہ مادہ پرستی کے اس دور میں مسلمانوں کے دلوں میں محبت رسولؐ کو فروغ دینے کا انتہائی موثر اور تیر بہدف نسخہ ہے جس کی آج امت مسلمہ کو ضرورت ہے آغا سید صبیح حسن زیدی نے موجودہ حالات کے پیش نظر کہا کہ حضور نبی کریمؐ کی ذات اقدس امت مسلمہ کے لیے مرکز وحدت ہے اور آج اس کانفرنس نے یہ ثابت کر دیا کہ تمام مسالک کے افراد حضور نبی کریمؐ کی محبت کے پرچم تلے متحد ہیں میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف میلاد النبیؐ کی خوشیوں کو دوبالا کرتی ہیں بلکہ باہمی احترام اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہوتی ہیں ۔
اس کانفرنس میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں میں اعزازی شیلڈ بھی تقسیم گئی ۔
اس کانفرنس کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر فخر سادات نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص معزز مہمان گرامی آغا سید صبیح حسن زیدی۔حافظ گل نواز خان اور آزاد تعلقدار سے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ احباب کی تشریف آوری نے جہاں ہماری حوصلہ افزائی فرمائی تو ساتھ ہی ساتھ اپنی علمی ۔فکری۔ روحانی اور مدلل گفتگو فرما کر ہمارے ایمان کی تازگی کا سامان کیا اور تمام مکاتب فکر کو متحد رہنے کا سبق بھی دیا ۔
آخر میں تمام حاضرین نے حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں کھڑے ہو کر درود و سلام کا نزرانہ پیش کیا ۔
تمام عالم اسلام سر بلندی فلسطین کشمیر کی آزادی اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی حاضرین کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی ۔
اس کانفرنس کے انتظام و انصرام میں جن خاص شخصیات کا تعاون رہا ان میں اصغر علی زیدی ۔رضا نقوی ۔سبطین عباس ۔محمد ہادی ۔محمد اریب مرزا ۔محمد علی مہندی ۔گلفام حسین ۔علی عباس ۔توسل مہدی ۔ڈاکٹر فخر سادات اور دیگر شامل تھے ۔