آپ چاہے اپنی ملازمت کو بہت زیادہ پسند کرتے ہوں یا سنجیدہ طالبعلم ہوں، پھر بھی اس بات کا قوی امکان ہوتا ہے کہ ہفتہ وار تعطیل کے بعد نئے ہفتے کے آغاز پر بیزاری، سستی یا اداسی جیسی کیفیات کا تجربہ ہوتا ہو۔
حقیقت تو یہ ہے کہ ایسا صرف آپ کے ساتھ نہیں دنیا بھر میں کروڑوں افراد کے ساتھ ہوتا ہے۔
سائنس بھی اس بات کی تصدیق کرتی ہے اور ماہرین کی جانب سے چند ایسی دلچسپ وجوہات کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے باعث لوگوں کو پیر یا ورکنگ ویک کے آغاز والا کوئی بھی دن بہت برا محسوس ہوتا ہے۔
ضرورت سے زیادہ کھانا
ہفتہ وار تعطیل پر لوگ اکثر خصوصی پکوان کھانا پسند کرتے ہیں یا گھر سے باہر کھانے کے لیے جاتے ہیں اور ضرورت سے زیادہ ہی کھا لیتے ہیں۔
عام طور پر ایسی غذائیں صحت کے لیے زیادہ مفید بھی نہیں ہوتیں جبکہ ضرورت سے زیادہ کھانے سے جسمانی توانائی میں کمی آتی ہے اور نئے ہفتے کا آغاز متاثر ہوتا ہے۔
زیادہ وقت سونا
چھٹی کے دن زیادہ وقت تک سونا تو بہتر ہے مگر بہت زیادہ دیر تک سونا نقصان دہ ہے۔
آپ چھٹی کے دن اگر بہت تاخیر سے اٹھیں گے تو رات کو معمول کے مطابق سونا مشکل ہوگا اور پیر کی صبح اٹھنے پر نیند پوری نہیں ہوگی، جس سے جسمانی عدم توازن پیدا ہوتا ہے۔
یہ عدم توازن اکثر چھٹی کے اگلے دن چڑچڑے پن اور سستی کا باعث بنتا ہے۔
اگر آپ کو اپنا کام پسند نہ ہو
اگر آپ کو اپنا کام ہی پسند نہ ہو تو چھٹی کے بعد دوبارہ اسے کرنا مزاج کو بہت زیادہ گراں گزرتا ہے اور سستی یا چڑچڑے پن کا سامنا ہوتا ہے۔
صحت متاثر ہوتی ہے
تحقیقی رپورٹس کے مطابق چھٹی کے بعد کی صبح لوگوں کا بلڈ پریشر عموماً باقی دنوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے، بلڈ پریشر بڑھنے سے غصہ زیادہ آتا ہے اور اس سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔
بہت زیادہ ٹریفک
آپ دنیا کے کسی بھی حصے میں رہ رہے ہوں مگر ہفتہ وار تعطیل کے بعد اگلی صبح کا ٹریفک عموماً معمول سے زیادہ ہوتا ہے اور کسی تشدد کی طرح محسوس ہوتا ہے۔