واشنگٹن: مائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل اسسٹنٹ متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے صارفین کو یہ سہولت کب میسر ہوگی؟
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مائیکروسافٹ نے ونڈوز 11 کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل اسسٹنٹ متعارف کرایا ہے، جسے ’کو پائلٹ اے آئی اسسٹنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے جو کہ ٹاسک بار کی تمام ایپلی کیشن اور پروگرامز میں استعمال ہوسکے گا۔
کمپنی کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹ کی طرح ‘کو پائلٹ’ پیچیدہ سوالات کے آسان الفاظ میں جواب دے گا، چونکہ یہ ونڈوز کے ساتھ منسلک ہے، اسلیے اے آئی اسسٹنٹ مختلف تکینیکی سیٹنگ کو تبدیل کرنے میں مدد کرسکتا ہے اور ڈیجیٹل اسسٹنٹ ایپس میں نظر آنے والے مواد کی سمری تیار کرسکے گا۔
کمپنی نے اعلان کیا کہ جب کوئی صارف ونڈوز کو پائلٹ سائیڈ بار کو اوپن کرے گا تو وہ بار ایپس، پروگرامز اور ونڈوز میں نظر آئے گی اور یہ پرسنل اسسٹنٹ کا کام کرے گی۔اس تبدیلی سے ہر صارف کے لیے ونڈوز سیٹنگز کو بہتر کرنا یا بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے پسندیدہ ایپس سے کنکٹ ہونا آسان ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطاب مائیکروسافٹ ونڈوز ‘کوپائلٹ ‘ صرف ٹیکسٹ ٹول ہے، تاہم کمپنی اسے وائس اسسٹنٹ بنانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ اس ڈیجیٹل اسسٹنٹ کی آزمائش جون سے شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سان فرانسسکو میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے خیال ظاہر کیا تھا کہ اگر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا ارتقا موجودہ رفتار سے جاری رہا تو مستقبل قریب میں گوگل سرچ اور ایمازون جیسی سروسز ماضی کا قصہ بن جائیں گی۔