فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کے ایک ہم نام شخص نے فیس بک پر ان کے اکاؤنٹ کو بار بار معطل (بلاک) کیے جانے پر میٹا کمپنی پر مقدمہ دائر کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی وکیل جو میٹا کے سربراہ مارک زکر برگ کے ہم نام ہیں انہوں نے فیس بک کی مالک کمپنی میٹا پر ایک قانونی مقدمہ دائر کردیا۔
رپورٹ کے مطابق وکیل مارک ایس زکربرگ امریکی ریاست انڈیانا میں مقیم ہیں اور تقریباً 38 سالوں سے دیوالیہ پن کے قانون دان ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فیس بک نے گزشتہ 8 سالوں کے دوران 5 مرتبہ ان کا اکاؤنٹ معطل (بلاک) کیا۔
وکیل مارک ایس زکربرگ کا کہنا ہے کہ فیس بک ہر بار یہ بول کر ان کے اکاؤنٹ کو معطل کردیتا ہے کہ وہ کسی اور کا نام استعمال کررہے ہیں، ہر بار ان کے اکاؤنٹ کی معطلی سے نا صرف ان کی وکالت کی پریکٹس متاثر ہوتی ہے بلکہ انہیں کاروبار میں بھی ہزاروں ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
وکیل مارک ایس زکربرگ نے کہا کہ انہوں نے فیس بک کو اپنی شناخت سے متعلق تمام چیزیں بشمول اپنی تصاویر، کریڈٹ کارڈ اور فوٹو آئی ڈی بھی دی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کا یہ نام برسوں پرانا اور اصلی ہے، یہ نام اس وقت سے ہے جب میٹا سربراہ زکر برگا مشہور بھی نہیں تھے تاہم اس کے باوجود ان کا اکاؤنٹ بار بار معطل کیا جاتا ہے۔