Daily Roshni News

محبت کیا ہے؟۔۔۔ انتخاب۔۔۔محمد جاوید عظیمی

محبت کیا ہے؟

انتخاب۔۔۔محمد جاوید عظیمی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ محبت کیا ہے؟۔۔۔ انتخاب۔۔۔محمد جاوید عظیمی )ہم لوگ مادہ پرست ہیں. ہماری محبتیں تو اب غیر محرموں ،مال و دولت، نفسانی خواہشات، دنیاوی ترقی، دنیاوی شان و شوکت تک رہ گئی ہیں. ہم اس محبت میں اتنے اندھے ہو چکے ہیں کہ حلال و حرام کا فرق تک دکھائی نہیں دیتا.

 آئیے میں آپ کو دکھاتى ہوں محبت کیا ہوتی ہے….!!!

چودہ سو سال قبل رات کی تاریکی میں دو جہانوں کے سردار،خیر البشر، اللہ کے محبوب (ﷺ) رو رو کر اللہ سے ان لوگوں کے لیے معافی اور عفو و درگزر کی درخواست کر رہے ہیں جن لوگوں کا ابھی وجود تک نہیں ہے.____ یہ ہے محبت.

اپنے بیٹے (حضرت ابرھیم رضی اللہ عنہ ) کا انتقال ہو گیا۔آپ (ﷺ) بہت غمزدہ ہوئے. حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کی:

یا رسول اللہ (ﷺ)۔ ۔ ۔ آپ نے فرمایا تھا کہ اللہ پاک نے ہر نبی کو ایک دعا دی ہے اس دعا میں اللہ پاک سے جو مانگا جائے اللہ پاک ضرور قبول کرتا ہے. آپ اللہ پاک سے دعا کریں کہ ابراہیم کو دوبارہ زندگی دے دے۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

‘ نہیں عائشہ !میں نے وہ دعا قیامت والے دن کے لیے سنبھال کر رکھی ہے اپنی امت کے لیے مانگوں گا یہ ہے محبت.

 آپ (ﷺ) ہم لوگوں کے لیے اتنا روتے تھے کہ اللہ پاک کو فرشتہ بھیجنا پڑا اور فرمایا میرے محبوب اتنا تو نہ رویا کر یہ ہے محبت۔ *

قیامت کے دن جب دوزخ کو لایا جائے گا. اس کی خوفناک چنگھاڑ سن کر نبیوں سمیت تمام انسان گھٹنوں کے بل گر جائیں،

کیا حضرت آدم علیہ السلام ،

کیا حضرت نوح علیہ السلام،

کیا حضرت ابراہیم علیہ السلام،

کیا حضرت موسیٰ علیہ السلام،

کیا حضرت عیسیٰ علیہ السلام،

سب اپنی امتوں کو بھول جائیں گے، سب کی ایک ہی پُکار ہو گی۔

یا ربِ نفسی نفسی…. یا ربِ نفسی نفسی

یا اللہ ہمیں بچا لے یااللہ ہمیں بچا لے۔۔

اس خوفناک اور دل دہلا دینے والے منظر میں بھی وہ ذات کریم (ﷺ) سب سے جدا ہو گی، جو اس وقت بھی یہیں فرمائیں گے۔

یارب امتی امتی…. یا رب امتی امتی

اے اللہ میری امت کو بچا لے، اے اللہ میری امت کو بچا لے  یہ ہے محبت”

 ایک بار آپ (ﷺ) جنت البقیع کی طرف نکلے، اہل قبور کو سلام کیا اور صحابہ کرام سے فرمایا :میری خواہش ہے کہ اپنے بھائیوں کو دیکھ لیتا۔ “صحابہ نے عرض کیا : اے اللہ کے رسول (ﷺ) کیا ہم آپ کے بھائی نہیں ہیں۔۔۔؟

آپ صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمایا : تم لوگ میرے ساتھی ہو۔ میرے بھائی وہ لوگ ہیں جو ابھی تک نہیں آئے۔۔جو مجھے بنا دیکھے مجھ پر ایمان لائیں گے۔۔میرا کلمہ پڑھیں گے __ یہ ہے محبت.”

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا فرماتی ہیں کہ جب میں نے حضور اکرم (ﷺ) کو خوشگوار حالت میں دیکھا تو میں نے عرض کیا :

یا رسول اللہ! اللہ تعالیٰ سے میرے حق میں دعا فرمائیں۔

تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

اے اللہ۔۔۔! عائشہ کے اگلے اور پچھلے، ظاہری و باطنی، تمام گناہ معاف فرما۔

یہ سن کر حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا خوشی سے لوٹ پوٹ ہو گئیں۔

اس پر حضور نبی اکرم(ﷺ) نے پوچھا:عائشہ۔۔۔ بڑی خوش ہو رہی ہو۔۔؟؟ انہوں نے عرض کیا : خوشی کیسے نا ہو۔ آپ نے اتنی بڑی دعا جو میری حق میں کردی۔

تو حضور نبی اکرم (ﷺ) نے فرمایا : اللہ کی قسم! یہ دعا تو میں ہر نماز کے بعد اپنی امت کے لیے مانگتا ہوں یہ ہے محبت.”

 محبت کیا ہے۔۔۔؟؟

میں نے پوچھا زندگی سے، پھولوں سے ،آسمان سے ،زمین سے، لیکن کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ پھر۔۔ ۔ ۔ تاریخ ہاتھ پکڑ کر پیچھے لے گئی۔ چودہ سو برس پیچھے۔

رات تھی، تارے بھی سو چکے تھے، ایک عظیم ہستی سجدے میں جھکی

گیلی آنکھوں کے ساتھ سوالی بن کے ایک ہی دعا دہرا رہی تھی،

” یا اللہ میری امت کو بخش دے، یا اللہ میری امت کو بخش دے “

دل و دماغ نے جھنجھوڑ کے کہا اے نادان انسان… ‘دیکھ یہ ہے محبت”

اب خود سے سوال کریں اتنی محبت جو نبی (ﷺ) نے ہم سے کی، کیا ہم اس محبت کا عشر عشیر بھی لوٹایا۔۔۔؟

کہیں ایسا تو نہیں روشن خیالی کے نام پر سنتوں کا قتل کر کر کے ہم لوگ اس ذات گرامی سے بے وفائی کرتے جا رہے ہیں جو قیامت کے ہولناک دن بھی اپنی وفا نبھائیں گے۔۔۔۔الله کے لیے سوچیئے ضرور سوچیئے

روزانہ رات کو سونے سے قبل اپنے دن بھر کے اعمال پر نظر دوڑا لیا کریں، ان کا محاسبہ کر لیا کریں کہ ہم نے آج محبت کا کتنا حق ادا کیا۔۔۔؟

جو روز اپنا حساب کرتا ہے قیامت کے دن اس کا حساب آسان ہو گا۔۔۔!!

Loading