اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ ہم نے مذاکرات کے دوران شرط نہیں رکھی البتہ مطالبات ضرور رکھے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی مقدمے میں کیس سے ڈسچارج ہونے کی درخواست دائر کی ہے، یہ تمام مقدمات جعلی ہیں اور ان میں بریت ہوگی، تحریک انصاف کی درخواست وزیراعظم اور دیگر کے خلاف ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایسے وقوعے کئی ہوئے ہیں لیکن دنیا بھر میں احتجاج کے دوران گولی نہیں چلی، احتجاج کے لیے مظاہرین ابھی بیٹھے نہیں اور شیلنگ شروع کردی گئی تھی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا بانی پی ٹی آئی نے اس سے قبل بھی کہا تھا، مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں، سیاسی مسائل کا حل سیاسی بیٹھک سے ہی ہوتا ہے لیکن مذاکرات کے دوران شرط نہیں رکھی البتہ مطالبات ضرور رکھے ہیں، اس سے قبل بھی مذاکرات ہوئے لیکن ایک اسٹیج سے قبل رابطہ ختم ہوگیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بس اب بہت ہوگیا، اب بہتری کی طرف ملک کو بڑھانا چاہیے۔