Daily Roshni News

مسلمان ہونیوالی بھارتی اداکارہ دیپیکا نے شوبز کو الوداع کہنے کی خبروں کی تردید کردی

بھارتی ٹی وی ڈراموں کی معروف اداکارہ دیپیکا ککڑ نے شوبز کو خیر باد کہنے اور اداکاری ترک کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔

ای ٹائمز ٹی وی کے ساتھ بات چیت میں دیپیکا ککڑ نے میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان تمام خبروں کو جھوٹا قرار دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دیپیکا شوبز کو الوداع کہہ رہی ہیں۔

اداکارہ نے انٹرویو میں کہا ‘لوگوں نے میرے گزشتہ انٹرویو میں کہے گئے الفاظ کو غلط سمجھا کہ میں نے اداکاری چھوڑ دی ہے، اس لیے میں صرف یہ واضح کرنا چاہوں گی کہ ایسا کچھ نہیں ہے’۔

دیپیکا نے مزید کہا ‘ہوسکتا ہے میں آئندہ چار سے پانچ سال کام نہ کروں اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ان سالوں میں مجھے کوئی بہت اچھا پراجیکٹ آفر ہو، تو اس کے لیے میں انکار نہیں کروں گی’۔

انہوں نے کہا ‘اہم بات یہ ہے کہ میں جلد ماں بننے والی ہوں، اسی لیے فی الحال میری ساری توجہ اپنی فیملی پر مرکوز ہے’۔

واضح رہے کہ دیپیکا ککڑ کو 2011 میں شروع ہونے والے بھارتی ڈرامے ‘سسرال ثمر کا’ سے پذیرائی حاصل ہوئی تھی، وہ 2012 میں بگ باس کی فاتح بھی قرار پائی تھیں۔

اداکارہ 2018 میں سسرال ثمر کا، کے کو اسٹار شعیب ابراہیم سے شادی سے قبل دائرہ اسلام میں داخل ہو گئی تھیں، مسلمان ہونے کے بعد اداکارہ نے اپنا نام بھی دیپیکا سے فائزہ میں تبدیل کرلیا تھا، حال ہی میں شعیب ابراہیم نے اہلیہ کے حاملہ ہونےکی خبر دی تھی۔

Loading