Daily Roshni News

ملکہ برطانیہ کی پہلی برسی پر باسکٹ بال جتنا سونے کا یادگاری سکہ تیار، قیمت کتنی ہے؟

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر باسکٹ بال جتنا بڑا سونے کا یادگاری سکہ تیار کرلیا گیا۔

برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبتھ دوم گزشتہ سال 8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی کے موقع پر 3 کلو سے زائد سونے اور ہزاروں ہیروں کی مدد سے ایک یادگاری  سکہ تیار کیا گیا ہے۔ 

رپورٹس کے مطابق ا س خصوصی سکے کو ماضی کی برطانیہ کی سلطنت پر راج کرنے والی ایسٹ انڈیا کمپنی کے نام سے منسوب لائف اسٹائل برانڈ نے تیار کیا ہے۔

اصل ایسٹ انڈیا کمپنی 1874 میں تحلیل ہونے سے پہلے تقریباً 300 سال تک کام کرتی رہی۔تاہم  بھارتی نژاد برطانوی تاجر سنجیو مہتا نے 2005 میں اس کمپنی کے نام کو لائف اسٹائل برانڈ کے طور پر دوبارہ استعمال کرنے  حقوق حاصل کیے تھے۔

کمپنی کے مطابق اس یادگاری  سکے کو  ‘دی کراؤن ‘کا نام دیا گیا ہے جبکہ اس میں 6 ہزار 424 ہیرے استعمال کیے گئے ہیں۔اس خصوصی سکے کی مالیت 23 ملین ڈالرز (یعنی 7 ارب پاکستانی روپے) سے زائد ہے، یہی وجہ ہے کہ سکے کو اب تک کے سب سے قیمتی سکوں میں شمار کیا جارہا ہے۔ 

سنجیو مہتا جنہوں نے 2005 میں ایسٹ انڈیا کمپنی کا نام استعمال کرنے کے حقوق حاصل کیے، ہیرے سے جڑے سکے کے ساتھ تصویر بنواتے ہوئے
سنجیو مہتا جنہوں نے 2005 میں ایسٹ انڈیا کمپنی کا نام استعمال کرنے کے حقوق حاصل کیے، ہیرے سے جڑے سکے کے ساتھ تصویر بنواتے ہوئے

اس سکے کا قطر 9.6 انچ سے زیادہ ہے جوکہ ایک باسکٹ بال کے سائز سے بڑا ہے، اس کے ڈیزائن میں تقریباً 24 قیراط کے ایک درجن سونے کے سکے جڑے ہوئے ہیں، درمیان میں 2 پاؤنڈ  سے زائد کا سونے کا سکہ لگایا گیا ہے جبکہ اس کے  اطراف میں ایک اونس کے وزن کے 10 سکے لگائے گئے ہیں جس پر ملکہ کی تصاویر بنی ہوئی ہیں۔

سکے کی دوسری جانب ہزاروں ہیروں کو برطانیہ کے جھنڈے کی شکل میں لگایا گیا ہے جبکہ درمیان میں ایک  بڑا سکہ جڑا گیا جس پر ملکہ کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

اس یادگاری سکے کو تیار کرنے میں برطانیہ، بھارت، سنگاپور، جرمنی اور سری لنکا کے کاریگر اور ماہرین نے حصہ لیا۔سکے کی تیاری میں ایک سال سے زائد کا عرصہ لگا، جس کا مطلب ہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی موت سے قبل ہی اس کی تیاری شروع کردی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی پہلی برسی پر تیار کیے گئے اس یادگاری سکے کو سرکاری حیثیت حاصل نہیں ہے۔

Loading