منہاج یورپین کونسل کے زیر اہتمام شاندار تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
ایتھنز :یونان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔انصراقبال بسراء )منہاج یورپین کونسل کے زیر اہتمام ایک اہم تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن یونان کے تمام فورمز، NEC، LEC کے ممبران اور یورپ بھر سے ذمہ داران نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے لیے منہاج اسلامک سنٹر ایتھنز میں خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ دیگر ممالک کی تنظیمات نے گوگل میٹنگ کے ذریعے شرکت کی۔
ورکشاپ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ “ہر انسان کو روزانہ اپنا محاسبہ کرنا چاہیے۔ ایک سچا کارکن وہی ہوتا ہے جو خود احتسابی سے گزرے اور امیر کی مکمل اطاعت کرے۔ جس طرح حضرت خالد بن ولیدؓ نے سیدنا عمر فاروقؓ کے حکم کے سامنے سرِ تسلیم خم کیا، ہمیں بھی اسی طرح تنظیمی نظم و اطاعت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔”
شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ منہاج القرآن محض ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک اصلاحی، روحانی اور فکری تحریک ہے، جس کا مقصد معاشرے میں امن، محبت، علم اور خدمتِ انسانیت کا فروغ ہے۔
ورکشاپ کے اختتام پر صدر منہاج یورپین کونسل بلال اشرف اپل نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان، امتِ مسلمہ اور مشن کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
اس موقع پر منہاج القرآن کی مختلف یورپی تنظیمات اور ان کے ذمہ داران کو شیخ الاسلام کے ہاتھوں ان کی غیرمعمولی خدمات پر تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی دی گئیں، جو ورکشاپ کا ایک یادگار لمحہ بن گئیں۔