Daily Roshni News

مگرمچھ پر مکے برسا کر جڑواں بہن کو بچانے والی خاتون کیلئے بہادری کا ایوارڈ

اگر کسی فرد کا سامنا مگرمچھ سے ہو جائے تو وہ کیا کرے گا؟ زیادہ امکان تو یہی ہے کہ اپنی جان بچانے کی کوشش کرے گا۔

مگر میکسیکو میں ایک برطانوی خاتون نے اپنی جڑواں بہن کو مگرمچھ کے جبڑوں سے بچانے کا حیرت انگیز کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

اس کارنامے پر انہیں برطانیہ کے بادشاہ کی جانب سے بہادری کا میڈل دیا جا رہا ہے۔

جارجیا اور میلیسا لوری نامی بہنوں کے ساتھ یہ واقعہ 2021 میں میکسیکو میں پیش آیا تھا۔

اس وقت وہ دونوں ایک دریا میں تیراکی کر رہی تھیں جب میلیسا نے ایک مگرمچھ کو پانی کے قریب دیکھا تو دونوں بہنیں بدحواس ہوکر اس سے دور ہٹنے لگیں۔

جارجیا تو کنارے پر پہنچ گئی مگر میلیسا کو مگرمچھ نے پانی میں کھینچ لیا اور زیرآب گھمانے لگا۔

جارجیا (جن کی عمر اب 31 سال ہے) نے یہ دیکھ کر پانی میں چھلانگ لگائی اور 2 بار مگرمچھ سے مقابلہ کرکے اپنی جڑواں بہن کی جان بچائی۔

اسی وجہ سے برطانوی بادشاہ کی جانب سے انہیں Gallantry میڈل سے نوازا جا رہا ہے۔

یہ میڈل ایسے شہریوں کو دیا جاتا ہے جو کسی کی زندگی بچانے کے لیے اپنی جان داؤ پر لگانے سے نہیں گھبراتے۔

دونوں کے ساتھ یہ واقعہ 2021 میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ سی این این
دونوں کے ساتھ یہ واقعہ 2021 میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ سی این این

جارجیا نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ یہ میڈل ایک دہشت ناک تجربے کا انعام ہے، جس سے ہمارے صدمے میں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ میلیسا کی بہادری کی وجہ سے حیران کن ہوا جس نے مگرمچھ کے سامنے ہار نہیں مانی جس سے مجھے لڑنے میں مدد ملی۔

دونوں بہنوں کے جسموں پر اب بھی اس واقعے کے نشانات موجود ہیں۔

جارجیا نے مگرمچھ کے منہ پر ایک ہاتھ سے مکے برسائے اور ان کا ہاتھ مگر مچھ کے دانتوں سے زخمی ہوا مگر ان کے مکے مؤثر ثابت ہوئے اور مگرمچھ نے میلیسا کو چھوڑ دیا۔

دریا سے گزرنے والی ایک کشتی نے دونوں بہنوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کیا، جس دوران میلیسا زخموں کے باعث زندگی اور موت کی جنگ لڑتی رہیں۔

ان کے معدے، آنتوں اور کلائی پر زخم آئے تھے جبکہ ٹانگوں پر بھی مگرمچھ نے کئی بار کاٹا۔

اب یہ دونوں بہنیں لندن کے دریائے ٹیمز پر 13 کلومیٹر طویل تیراکی کے مقابلے میں حصہ لینے کی تیاری کر رہی ہیں۔

یہ مقابلہ اگست میں ہوگا جس کا مقصد فلاحی مقاصد کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا ہے۔

Loading