Daily Roshni News

میئر کراچی الیکشن میں پی ٹی آئی ممبران کی غیر حاضری پر تحقیقاتی کمیٹی قائم

میئر کراچی کے انتخاب کے موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین اور وائس چیئرمینز کی غیر حاضری پر 11 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز میئر کراچی کے انتخاب کے موقع پر پی ٹی آئی کے 30 سے زائد یوسی چیئرمینز غیر حاضر تھے جس کا پارٹی سطح پر نوٹس لیا گیا ہے اور پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما حلیم عالد شیخ کی ہدایت پر 11 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

یہ کمیٹی کراچی کے پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل ہے جو کل شام 5 بجے تک اس حوالے سے تحقیقات کرکے رپورٹ صوبائی قیادت کو پیش کرے گی۔

کمیٹی میں خرم شیر زمان، ارسلان گھمن، مبشر حسن، عطا اللہ خان، آفتاب جہانگیر، فہیم خان، سعید آفریدی، راجا اظہر، ڈاکٹر شہاب امام اور شجاعت علی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آرٹس کونسل میں ہونے والے الیکشن میں پی پی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل حافظ نعیم کو 161 ووٹ ملے تھے۔ شو آف ہینڈ کے ذریعے ہونے والے اس الیکشن میں میں کے ایم سی کے 366 کے ایوان میں 332 ممبران نے شرکت کی تھی اور پی ٹی آئی کے 30 سے زائد اراکین ووٹ ڈالنے نہیں آئے تھے۔

جماعت اسلامی نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پی پی پر دھاندلی اور پی ٹی آئی ممبران کے اغوا کا الزام عائد کیا تھا جب کہ جمعے کے روز (آج) ملک گیر یوم سیاہ منانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

Loading