Daily Roshni News

میرا پانی میرا پیسا،کسی کو کیا تکلیف، پنجاب کو مشورہ دینے والے اپنے مشورے پاس رکھیں: مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے میرا پانی میرا پیسا، کسی کو اس سے کیا تکلیف ہے، پنجاب کو مشورہ دینے والے اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا جب نواز شریف پر سخت وقت آیا تو تمام رہنما سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے تھے، رانا ثنا اللہ پر منشیات کا بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا پنجاب اپنے عوام کو یورپ جیسی ٹرانسپورٹ فراہم کر رہا ہے، الیکٹرک بسیں چھوٹے شہروں اور بڑے شہروں میں لائیں گے، میں اپنے شہریوں پر بوجھ نہیں ڈالتی، الیکٹرک بسوں کا کرایہ صرف بیس روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن کے لیے 150 الیکٹرک بسیں لائی ہوں، چند ہفتوں میں فیصل آباد میں میٹرو کی تعمیر شروع ہو جائے گی، وہ وقت دور نہیں جب فیصل آباد لاہور سے زیادہ ترقی یافتہ شہر ہو گا۔ راولپنڈی میں جدید الیکٹرک ٹرینیں لائیں گے، جھنگ اور چنیوٹ کو بھی الیکٹرک بسیں ملیں گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں تنقید کو ہمیشہ مثبت انداز میں لیتی ہوں لیکن پنجاب اور پنجاب کے عوام پر کسی صورت تنقید برداشت نہیں کروں گی، پنجاب اپنے شہریوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔

ان کا کہنا تھا ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے پیچھے نواز شریف اور شہبازشریف کا نام تاریخ میں لکھا جائےگا، جو دوسروں پر سیاہی اور جوتا پھینکنے کی ترغیب دیتے تھے آج ایک دوسرےکو جوتا مار رہے ہیں، گالیاں دینے والے آج اپنے انجام کو پہنچے۔ ہماری توجہ عوام کی خدمت پر ہے، میرے لیے پنجاب کے شہری، ان کے املاک اور مال مویشی بہت اہمیت رکھتے ہیں، مخالفین سے قدرت بدلہ لے رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر آپ سندھ میں کوئی کام کریں تو مجھے خوشی ہوتی ہے لیکن کچھ کرلو نا، پنجاب میں میٹرو بنی، اورنج لائن اور موٹروے بنیں، سڑکوں کا جال بچھایا، پنجاب نہریں نکالنے کی بات کرے توتکلیف کیوں ہو جاتی ہے، آپ کو کیا اعتراض ہے؟ پنجاب کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا تو آئی ایم ایف کے پاس جاکر شکایاتیں لگائی گئیں، برائے مہربانی پنجاب کے معاملات پر تنقید کرنا بند کریں، پنجاب کے سیکڑوں منصوبے گنوا سکتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی میں چاروں صوبوں کو ایک جیسے پیسے ملتے ہیں، آپ پیسے کہاں لگاتے ہیں؟ مانگنے والا سلسلہ اب بند ہو جانا چاہیے، پنجاب نے آپ کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی، آپ بھی نہ کریں، آپ کے پاس ہر چیز کا حل کشکول لیکر کھڑے ہو جانا ہے؟

مریم نواز کا کہنا تھا میں نے تو پانی چوری نہیں کرنا تھا، اپنے پانی سے چولستان کی زمین کو آباد کرنا تھا، میرا پانی، میرا پیسا ہے، آپ کو کیا تکلیف ہے، انھوں نے بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے پر اعتراض کیا، میں خاموش رہی، جہاں پنجاب اور یہاں بسنے والوں کے حق کی بات آئے گی تو مریم نواز آپ کو چھوڑے گی نہیں، پنجاب کو مشورہ دینے والے اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں۔

Loading