میلادالنبیﷺ کی تقریب زیر اہتمام مراقبہ ہال ہالینڈ
جاوید عظیمی ، علامہ یاسر، علامہ مصطفےٰ، سرفراز عطاری،
میاں عاصم کے خطابات جبکہ حافظ معظم کی خصوصی نعت
خوانی نے سما باندھ دیا، حاضرین کی بھرپور شرکت۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔نمائندہ خصوصی ۔۔۔تصاویر ۔۔۔شیر فیصل ، میاں عمران) گزشتہ روز بروز اتوار پندرہ اکتوبر2023علمی،ادبی روحانی سلسلہ عظیمیہ کی زیر سرپرستی مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمی کی زیر صدارت سالانہ میلاد النبیﷺ کی بابرکت تقریب تزک و احتشام سے پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کے خوبصورت ہال میں منعقد کی گئی۔ اس پاکیزہ نورانی تقریب کا باقاعدہ آغاز رب کائنات کی آخری آقافی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے حافظ محمد بلال چشتی نے اپنی پروقار اثر انگیز آواز سے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآبﷺ میں خادم مجتبےٰ بٹ نے نعت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ نگران مراقبہ ہال ہالینڈ حاجی محمد جاوید عظیمی نے شرکائے تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں دو سو سے زائد روحانی سلاسل اللہ تعالیٰ کے احکامات اور رسول محتشمﷺ کی تعلیمات کو فروغ دینے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ روحانی سلسلہ عظیمیہ بھی انہی تعلیمات کو عصر ِحاضر کے تقاضوں کے مطابق ڈھال کر عوام الناس کو منتقل کرنے میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ سلسلے کی بنیاد سیدنا محمد عظیم برخیا المعروف حضور قلندر بابا اولیاء نے سید المرسلین کی خصوصی اجازت سے 1960میں رکھی ۔ جاوید عظیمی نے ایک موقعہ پر کہا کہ مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب اپنے مرشد قلندر بابا اولیاءؒ کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
منہاج القرآن دی ہیگ کے خطیب و امام علامہ حافظ یاسر نسیم قادری نے قرآنی آیات کی روشنی میں فرمان الہی اور فرمان رسول ﷺ کو خوبصورت پیرائے میں حاضرین کے سامنے پیش کیا ۔ دعوت اسلامی ہالینڈ کی کابینہ کے نگران حاجی محمد سرفراز عطاری نے ولندیزی ڈچ زبان میں میلاد النبیﷺ کی اہیمت پر نوجوانوں کو آگاہی فراہم کی۔کمیونٹی سینٹر دی ہیگ کی جامع مسجد کے خطیب و امام علامہ حافظ غلام مصطفےٰ نقشبندی مجددی نے اپنے خصوصی خطاب میں میلاد النبیﷺ کی تقریبات کا انعقاد کرنے والے عشاقان ِرسول کو خراج تحسین پیش کیا۔ بلخصوص جاوید عظیمی کو پروگرام کے انعقاد پر دلی طور پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔ انھوں نے خطاب کے دوران ایک موقعہ پر نماز کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا نماز نبی رحمتﷺکی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے اس کو وقت پرادا کیا کریں بے نمازی کی اللہ تعالیٰ کے ہاں گرفت ہو گی لہذا نماز کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کیا کریں۔ مذکورہ پروگرام کے چیف کوآرڈینیٹر میاں عاصم محمود نے اپنے مختصر خطاب میں شرکائے تقریب کو عید میلاد النبیﷺ کی صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہم تما م ساتھیوں نے اجتماعی طور پر اس پاکیزہ تقریب کے انتظام و انصرام میں بڑی محبت و عقیدت سے خدمات سر انجام دی ہیں اس کے باوجود اگر کوئی کمی یا کجی رہ گئی ہو تو اس کے لئے ہم سب آپ سے معذرت خواہ ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نگران مراقبہ ہال ہالینڈ جاوید عظیمی کے بہت شکر گزارہیں کہ انھوں نے ہمیں اس بابرکت پاکیزہ تقریب کے انتظامات کرنے کا موقعہ فراہم کیا، اللہ تعالیٰ آئندہ بھی ہمیں ایسی مقدس محافل کے انتظامات کرنے کی توفیق جمیل عطا فرمائیں۔آمین ثمہ آمین۔
فرانس سے آئے ہوئے ہوئے معروف نعت خواں حافظ معظم ساہی نے اس بابرکت تقریب میں مدعو کرنے پر جاویدعظیمی کا صمیم قلب سے شکریہ اداکرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے مراقبہ ہال ہالینڈ کی پوری ٹیم کو شاندارانتظام وانصرام کرنے پر خراج تحسین اور مبارکباد بھی پیش کی۔ حافظ معظم نے خصوصی نعت خوانی کے دوران اپنی دلنشین آواز میں مختلف شعراء کے نعتیہ کلام پیش کرکے حاضرین ِ محفل پر روحانی کیف طاری کر دیا بلخصوص پنجانی زبان میں پڑھے گئے نعتیہ کلام کو حاضرین نے بے حد سراہا۔ جاوید عظیمی نے نعت خواں حافظ معظم ساہی کا پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پھول پیش کئے۔ مذکورہ پروگرام کے دوران میاں مظفر حسین نے اپنے مخصوص انداز میں عارفانہ کلام پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
پروگرام کی انتظامیہ کی جانب سے دوران تقریب میلاد النبیﷺ کی خوشی میں خصوصی لڈو اور نمک پارے حاضرین کی خدمت میں پیش کئے گئے۔ سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن جناب محمد واصف صاحب کے ہاتھوں سے پروگرام کی انتظامیہ کو پھول دلوائے گے۔ جبکہ انھیں بھی پھول پیش کیا گیا اور شرکت کرنے پر جاوید عظیمی نے ان کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا ۔
جاوید عظیمی نے ذکر جہر اور گنبد ئے خضراء کا مراقبہ کروایا جبکہ یارگاہ رسالت مآبﷺ میں امانت علی چوہان نے درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ علامہ حافظ غلام مصطفےٰ نقشبندی نے اجتماعی دعا میں قلندر بابا اولیاء کی روح پر فتوح کو ایصال ثواب پروگرام کی انتظامیہ کے مرحومین عزیزو اقارب کی مغفرت و بخشش کے لئے دعائیں کیں۔
جاوید عظیمی کے والدین اور ساس سسر مرحومین کی روحوں کو ایصال ثواب کیا گیا۔
مرشدکریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی صحت والی طویل زندگی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ اس پروگرام کی ٹیم نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے اجتماعی طور پر انتھک محنت کی۔پروگرام کے اختتام پر لذت کام ودہن کے سلسلے میں حاضرین میں لنگر محمد ی تقسیم کیا گیا۔
یادرہے اس بابرکت منزہ تقریب کی مکمل فلم ایکسپوزر کے اعظم اشرف اور عامر اشرف نے محنتِ شاقہ سے بلا معاوضہ بنائی اس پر جاوید عظیمی نے ان کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔