ڈبلن، میلاد النبیﷺ کا عظیم الشان اور کامیاب انعقاد
منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام کیا گیا۔
ڈبلن آئرلینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔وسیم بٹ)منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ڈبلن میں ایک عظیم الشان میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں آئرلینڈ کے چھوٹے بڑے شہروں سے خواتین و حضرات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی منہاج القرآن برطانیہ لندن کے ڈائریکٹر علامہ محمد ذیشان قادری کی خصوصی شرکت و خطاب اہل تشیع اور حسینیہ اہل البیت ڈبلن کے امام و خطیب سید صبیح حسن زیدی کی بھی خصوصی شرکت ۔
ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ سے ) منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ڈبلن میں سالانہ عظیم الشان میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین اور آئرلینڈ کے چھوٹے بڑے شہروں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے جید علماء کرام نے کانفرنس میں شرکت کی جس سے اتحاد و بین المسلمین کی فضا نمایا طور پر دیکھنے کو ملی ۔اس کانفرنس کے مہمان خصوصی نوجوان سکالر منہاج القرآن برطانیہ لندن کے ڈائریکٹر اور المنہاج انسٹیٹیوٹ لندن کے پرنسپل علامہ محمد ذیشان قادری تھے جبکہ اہل تشیع حسینیہ اہل البیت ڈبلن کے امام و خطیب قاری قرآن و آذان ۔ نوحہ و منقبت ۔ مرثیہ۔ سلام و خطابت ۔شاعر اہل البیتؑ سید صبیح حسن زیدی حسینی سادات نے بھی خصوصی شرکت کی کانفرنس کا آغاز حفی محمود خان اور شیخ عیسیٰ نے تلاوت قران پاک سے کیا نعت خواں حضرات جن میں انوار الحق ۔ڈاکٹر گلزار احمد اور نوید ناصر بٹ نے حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کر کے کانفرنس میں کیف و سرور اور روحانی و وجدانی کیفیت طاری کر دی جس سے نعرہ تکبیر نعرہ رسالتؐ نعرہ حیدری کے فلک شگاف نعروں سے پورا ہال گونج اٹھا ۔نظامت کے فرائض محی الدین نے ادا کیے ۔ اس موقع پر معصوم بچے جن میں عروش احمد اور ارمان خان نے اپنے خوبصورت اور دلنشں انداز بیاں سے سیرت النبیؐ پر تقاریر پیش کر کے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔
علامہ محمد ذیشان قادری اور سید صبیح حسن زیدی نے اپنے خطابات میں سیرت طیبہؐ پر عمل کرنے کی اہمیت اور اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیا انہوں نےکہا کہ میلاد النبیؐ کی محافل نہ صرف عشق رسولؐ کو تازہ کرتی ہیں بلکہ ہمیں اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا درس بھی دیتی ہیں اس کے علاوہ علماء کرام نے اس دیار غیر میں مقیم والدین کو مخاطب کرتے ہوئے بچوں کی تعلیم و تربیت کی اہمیت پر بھی خصوصی روشنی ڈالی اور کہا کہ غیر مسلم معاشرے میں رہتے ہوئے والدین کی ذمہ داریاں دو چند ہو جاتی ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو نہ صرف عصری تعلیم سے آراستہ کریں بلکہ اسلامی تعلیمات ۔ دینی شعائر اور سیرت طیبہؐ سے روشناس کرائیں۔
اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کا سٹال بھی لگایا گیا ہے جو حاضرین کی توجہ کا مرکز بنا رہا ۔
کانفرنس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچے اور معزز مہمان گرامی کو اعزازی شیلڈز ۔ انعامات اور اس سال منہاج القرآن کی لائف ممبرشپ لینے والوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئی ۔جبکہ ہال میں موجود تمام بچوں میں گفٹ بیگز بھی تقسیم کیے گئے اور آخر میں پیر شیراز حسین قادری نے تمام عالم اسلام کی سربلندی وطن عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا کی ۔
اس کانفرنس کے انتظام و انصرام میں جن خاص شخصیات کا تعاون شامل حال رہا ان میں آئرلینڈ کے معروف قانون دان اور منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین چوہدری عمران خورشید۔ عرفان مشتاق ۔ عبدالقیوم ۔ احمد تحسین ملک ۔ رانا فیصل ۔ عرفان احمد اور دیگر شامل تھے