Daily Roshni News

میلاد النبیﷺ کی بارہ روزہ  تقریبات کا انعقاد

میلاد النبیﷺ کی بارہ روزہ  تقریبات کا انعقاد

پاکستان اسلامک اینڈ کلچر سینٹر دی ہیگ میں جاری۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔رپورٹ۔۔۔ محمدجاوید عظیمی) اللہ تعالیٰ کے محبوب مکرم خاتم النبین، سید المرسلین احمد مجتبےٰ ، محمد مصطفےٰ ﷺ کے ولادت پاک کا مہینہ ربیع الاول ماہ ِ نور اپنی پوری آب و تاب سے جاری ہے۔ دنیا بھر کے ممالک میں آباد عاشقان ِ رسول نبی رحمت سے عقیدتوں اور محبتون کا والہانہ اظہار کرنے کے لئے میلاد النبیﷺ کی تقریبات کا انعقاد کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کی مسجد میں بھی آمد رسول ﷺ کے سلسلے میں بارہ روزہ محافل  میلاد البنی ﷺ کا انعقاد روزانہ کی بنیاد پر جاری و ساری ہے۔

گزشتہ روز بروز  ہفتہ سولہ ستمبر2023 کو بعد نماز ِ مغرب اس سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، اس بابرکت تقریب کا باقاعدہ آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے کیا گیا۔محمد شفیق چیمہ اور مجتبےٰ خادم بٹ نے ہم آواز ہو کر لوری کی صورت میں خصوصی کلام پیش کیا جبکہ راشد علی  خان نے نعت شریف پیش کرنےکی سعادت حاصل کی۔ مذکورہ مسجد کے امام و خطیب علامہ حافظ غلام مصطفےٰ نقشبند نے منعقدہ نورانی محفل کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ رسول محتشم ﷺ کی ذات اقدس اس قدر پاکیزہ ہے کہ اگر ہماری زبان پاکیزگی کی انتہا کو چھورہی ہو تو پھربھی  آپ کا نام لینا بے ادبی ہے، اس ضمن میں انھوں نے معروف شعراء کرام کے نعتیہ کلام اور رعبایات کا حوالہ بھی دیا۔

اپنے خطاب کے دوران انھوں نے قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے جن القابات سے آپﷺ  کو پکارا ان کا بھی تذکرہ کیا۔ علامہ غلام مصطفےٰ نقشبندی نے ایک موقعہ پر اللہ تعالیٰ کے محبوب مکرمﷺ کے حسن و جمال کو شاندار الفاظ میں بیان کرتے ہوئے شرکائے تقریب کو بتایا کہ آپﷺ کا اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لئے بہتریں  نمونہ ہے۔ درودو سلام  اور اجتماعی دعا کے بعد آج کی تقریب کے میزبانوں میاں عاصم محمود اور جاوید  بٹ پیارے کی جانب سے حاضرین کی تواضع لنگرِ محمد سے کی گئی۔

Loading