Daily Roshni News

میلاد النبی ﷺکی بارہ روزہ تقریبات کا تسلسل

میلاد النبی ﷺکی بارہ روزہ تقریبات کا تسلسل

کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں باقاعدگی سے جاری ہے

 چوہدری مختار نے ساتویں تقریب کا لنگر نذر کیا ۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی) پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹردی ہیگ کی جامع مسجد میں ماہ النور ربیع اول کی با برکت ساعتوں میں خاتم الانبیا ء ، سید المرسلین، احمد مجتبےٰ محمد مصطفےﷺ کی اس دنیا میں تشریف آوری کی خوشی میں میلاد النبیﷺ کی بارہ روزہ تقریبات کے انعقاد کا تسلسل باقاعدگی سے روزانہ کی بنیاد پر جاری و ساری ہے  ۔ اس  سلسلے میں ساتویں تقریب کے میزبان اول چوہدری مختار نے لنگر محمدی کا اہتمام کیا ۔ اس با برکت تقریب کا آغاز آفاقی آخری مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا جبکہ حاجی رخسار احمد ، حاجی برکت علی،قمر حسین ، راجہ جاوید اقبال، عابد بھٹی ، راشد علی خان، حسنین علی اور محمد جاوید عظیمی نے بارگاہ رسالت مآبﷺ میں نعتوں کے کے گلدستے پیش کئے۔ مسجد کے امام و خطیب علامہ غلام مصطفےٰ نقشبندی مجددی نے اپنے مخصوص انداز میں خاتم الانبیاء ، سید المرسلین، احمد مجتبے محمد مصطفےٰﷺ کی اس دنیا میں تشریف آوری اور آپﷺ کے اوصاف حمیدہ پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ درود و سلام کے بعد اجتماعی دعا میں بانی محفل میزبان اول چوہدری مختار اور  ان کے اہل خانہ کی صحت و تندرستی زندگی  اور روزی میں خیر وبرکت جبکہ ان کے بڑے بھائی حاجی رخسار احمد کی  صحت والی طویل زندگی کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کی گئیں۔ پروگرام کے اختتام پر چوہدری مختار کی جانب سے حاضرین کی تواضع لنگر محمدی سے کی گئی۔

Loading