Daily Roshni News

نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے سیاسی سفر پر ایک نظر

نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی 25 دسمبر 1983 کو کراچی میں پیدا ہوئے  انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیسے کیا ایک نظر ڈالتے ہیں۔

نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے گورنمنٹ کامرس کالج سے تعلیم حاصل کی جب کہ قانون کی ڈگری یونیورسٹی آف لندن سے حاصل کی۔

ان کے والد وہاب صدیقی شعبہ صحافت سے وابستہ رہے جب کہ والدہ فوزیہ وہاب پیپلز پارٹی کی سرگرم کارکن تھیں اور رکن قومی اسمبلی بھی رہیں۔

 

سیاسی سفر کا آغاز:

والدہ کے انتقال کے بعد مرتضیٰ وہاب عملی سیاست سے وابستہ ہوئے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے انہیں 2015 میں اپنا مشیر بنا لیا اور دیکھتے دیکھتے وہ ہر سال ایک نیا عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے گئے۔

2015 میں پہلی بار وزیر اعلیٰ کے مشیر قانون پھر 2016 میں اینٹی کرپشن کے مشیر بنے جب کہ  2017میں سینیٹ آف پاکستان کے ممبر بنے۔

2018 میں دوبارہ مشیر قانون اور اینٹی کرپشن بنے اور جلد محکمہ اطلاعات کا قلمدان حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے  جب کہ  2019 میں محکمہ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات، کوسٹل ڈیولپمنٹ حاصل کرنے کے ساتھ انہیں سندھ حکومت کا ترجمان بھی مقرر کردیا گیا۔

2021 میں بیک وقت تین عہدوں پر فائز رہے:

 2021 میں مرتضیٰ وہاب کچھ پارٹی رہنماؤں کی مخالفت کے باوجود بیک وقت ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان سندھ حکومت کے عہدوں پر فائز رہے۔

مرتضیٰ وہاب نے 2018 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ پی ایس -111 سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا  لیکن عمران اسماعیل سے 22 ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست کھا گئے۔

 کراچی میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تو مرتضی وہاب نے الیکشن نہیں لڑا مگر پاکستان پیپلز پارٹی نے میئر کراچی کیلئے کئی ناموں پر غور کرنے اور تنظیمی سیٹ اپ کے رہنماؤں کے تحفظات کے باوجود مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی کے لیے منتخب کرلیا۔

Loading