ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یہ میچ بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے جہاں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔
سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کوشل پریرا 51 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا 19اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے جبکہ اسالنکا 8 ، چامیکا کارونارتنے اور کوشل مینڈس نے 6 ،6 رنز اسکور کیے۔
پاتھم نسانکا 2 ، دشمنتھا چمیرا اور سدیرا سمارا وکرما ایک ایک رن بناسکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 37 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لوکی فیرگوسن،مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے2 ،2وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔
دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ میں آٹھ آٹھ میچز کھیل چکی ہیں اور یہ دونوں ٹیموں کا پہلے مرحلے کا آخری میچ بھی ہے۔
نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ میں اپنے 4 اور سری لنکا نے 2 میچز جیتے ہیں، کیویز کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ چوتھے اور سری لنکا نویں نمبر پر ہے۔