Daily Roshni News

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا ختم کردیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے راولپنڈی کے گورکھ پور ناکے پر دھرنا ختم کردیا۔

ذرائع کے مطابق  وزیراعلیٰ کے پی نے علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی سے مشاورت کے بعد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ دھرنا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے باعث دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کے ساتھ مشاورت میں منگل کو دوبارہ اڈیالہ آنے کی تجویز پر اتفاق ہوگیا، فیملی ملاقات کے موقع پر کارکنوں کو بھی آنے کی کال دی جائے گی۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود اچکزئی نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعلیٰ کے پی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر آج  عدالت جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی نے اپوزیشن اتحاد کو دھرنے سے متعلق آگاہ ہی نہیں کیا ، دھرنے کے 4 گھنٹے بعد اپوزیشن اتحاد کی قیادت سے ریسکیو کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا ، سہیل آفریدی چاہتے تھے کہ اپوزیشن اتحاد کی قیادت دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرے۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک اور صوبائی وزراء مینا خان، شفیع جان، شوکت یوسفزئی سمیت بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تو پولیس نے ان کے قافلے کو گورکھپور ناکے پر روک دیا۔

سہیل آفریدی نے موقع پر موجود پولیس افسران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک صوبے کے ساڑھے چار کروڑ عوام کا نمائندہ ہوں، آٹھویں مرتبہ جیل آ رہا ہوں مجھے بانی پی ٹی آئی سے کیوں نہیں ملنے دیا جا رہا، کیوں ایک صوبے کی تذلیل کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ اگر ہم بھی آپ کے ساتھ ایسا سلوک کریں تو کیسا لگے گا، ملاقات کے لیے آیا ہوں یہیں بیٹھوں گا۔

Loading