سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی پہلی عرب خاتون خلا باز ریانا برناوی نے اسپیس سے مسجد الحرام کے مناظر شیئر کر دیے۔
گزشتہ دنوں امریکا سے تعلق رکھنے والی کمپنی Axiom Space کی جانب سے سعودی عرب کا مشن آئی ایس ایس کے لیے روانہ کیا گیا جو مجموعی طور پر 4 افراد پر مشتمل ہے۔
سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ریانا برناوی کے ساتھ علی القرنی، پیگی وٹسن اور جان شوفنر اس مشن کا حصہ ہیں۔
اس مشن کے ساتھ ریسرچر ریانا برناوی خلائی سفر کرنے والی پہلی عرب خاتون بن گئی ہیں، نجی خلائی مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پرایک ہفتہ گزارےگا۔
گزشتہ روز مشن کے دوران سعودی خلاباز ریانا برناوی نے اسپیس سے مسجد الحرام کی ویڈیو شیئر کر دی۔
ریانا برناوی کی جانب سے ٹوئٗٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خلا سے نیچے زمین پر دکھنے والے اندھیرے میں بظاہر مسجدالحرام روشن دکھائی دے رہی ہے۔
سعودی خلاباز ریانا برناوی نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ’ آج اپنا تجربہ مکمل کرنے کے بعد ہم مکہ مکرمہ کے اوپر سے گزرے جو کافی روشن ہے’۔
ویڈیو میں بھی ریانا برناوی کو سنا جاسکتا ہے کہ وہ بول رہی ہیں کہ یہ سب چمک رہا ہے، وہ رہی ہماری مسجدالحرام’۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے سعودی عرب کی مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی ویڈیو شیئر کی تھی۔