Daily Roshni News

ٹرمپ پر حملہ: روس نے امریکا کی موجودہ صورتحال کا ذمہ داربائیڈن انتظامیہ کو ٹھہرادیا

روس نے سابق امریکی صدر ٹرمپ پر ہونے والے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا کی موجودہ صورتحال کا ذمہ داربائیڈن انتظامیہ کو قرار دیا ہے۔

 کریملن ترجمان دمیتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس سیاسی جدوجہد میں تشدد کی سختی سے مذمت کرتا ہے، ٹرمپ پر ہوئے حملے کے متاثرین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کریملن ترجمان نے کہا کہ روس یہ نہیں سمجھتا کہ ٹرمپ پر حملہ موجودہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم ٹرمپ کے ارد گرد بنایا گیا ماحول اس صورتحال کی وجہ بنا جو آج امریکا کو درپیش ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ روسی صدر پیوٹن کا ٹرمپ کو فون کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی جس سے وہ زخمی ہوگئے اور فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے۔گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

Loading