امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ جلد ہونے کا دعویٰ کردیا۔
امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ جنگ کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
امریکی صدر کا یہ بیان پیر کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ہونے والی ممکنہ ملاقات سے قبل سامنے آیا۔
صدر ٹرمپ نے کا کہنا تھا کہ ان کے پاس غزہ سے متعلق ایک ڈیل ہے اور یہ ڈیل یرغمالیوں کو واپس لائے گی اور جنگ کا خاتمہ بھی کرے گی تاہم امریکی صدر نے اس ڈیل کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے مشرق وسطیٰ کے تمام اہم رہنماؤں کے ساتھ غزہ کے حوالے سے مثبت بات چیت کی ہے۔
ایک سینئر وائٹ ہاؤس عہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کی پیر کو نیتن یاہو سے ملاقات ہوسکتی ہےاور دونوں رہنما ایک معاہدے کے فریم ورک پر بات کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نیویارک میں اسلامی ملکوں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی، تقریباً 50 منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز واضح کیا تھا کہ اب بہت ہو چکا ہے، یہ سلسلہ اب رکنا چاہیے، انہوں نے بتایا کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دیں گے اور اس معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی بات ہوئی ہے۔