Daily Roshni News

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے ہرادیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں  ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی۔

گروپ سی کی دونوں ٹیموں کے درمیان ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں میچ کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 149 رنز اسکور کیے اور نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 150 رنز کا ہدف دیا۔

پہلی اننگز

نیوزی لینڈ کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرفین رودرفورٹ 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نکولاس پوران 17، عقیل حسین 15، آندرے رسل 14 اور روماریو شیفرڈ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کوئی اور کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

ویسٹ انڈیز کے  خلاف نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے اپنے 4 اوورز کے اسپیل میں ایک میڈن اوور کے ساتھ 17 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹم ساؤتھی نے 2، لوکی فرگیوسن 2، جیمز نیشم اور مچل سینٹنر نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگز

ویسٹ انڈیز کے 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیو زی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی۔

بیٹر گلین فلپس 33 گیندوں پر  40 رنز بناکر نمایاں رہے، فن ایلن نے 26 جب کہ مچیل سینٹنر نے ناقابلِ شکست 21 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، گڈاکیش موتی نے چار اوورز میں 25 رنز دیے اور 3 کھلاڑی پویلین لوٹائے۔

عقیل حسین نے 21 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی شریک میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ کو شکست دیکر گروپ سی میں سپر 8 مرحلے کیلئے ڈائریکٹ کوالیفائی کر سکتی ہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیوگینی اور یوگنڈا کے خلاف میچز میں فتح اپنے نام کی تھی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم افغانستان کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے کے بعد اب ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے کیلئے ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت کیلئے کوشاں ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کے نام سے منسوب اس اسٹیڈیم میں کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلا جا رہا ہے۔

Loading