Daily Roshni News

پاکستانی صحافیوں کا عالمی سطح پر اتحاد، “پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل” کا قیام

پاکستانی صحافیوں کا عالمی سطح پر اتحاد، “پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل” کا قیام

آسٹریا(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد عامر صدیق)پاکستانی صحافیوں نے عالمی سطح پر ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے “پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل” کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس فورم میں دنیا کے چالیس سے زائد ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی ہے، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی صحافتی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ آج فورم کا پہلا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں فورم کے آئین کی منظوری دی گئی اور اس کی دو سالہ مدت کے لیے جنرل باڈی کے عہدیداروں کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

فورم کا مقصد عالمی سطح پر پاکستانی صحافیوں کی آواز کو مؤثر انداز میں پیش کرنا، صحافت کے معیار کو بلند کرنا اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ فورم کے آن لائن اجلاس میں جنرل باڈی میں متفقہ طور پر منتخب ہونے والے عہدیداران میں معروف کالم نگار اور صدارتی ایوارڈ یافتہ عرفان صدیقی کو جاپان سے فورم کا سرپرست اعلیٰ منتخب کیا گیا، جبکہ سعودی عرب سے چوہدری نور الحسن گجر کو مرکزی چیئرمین مقرر کیا گیا۔ روس سے ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ کو مرکزی صدر مقرر کیا گیا ہے.

 ریاض سے جہانزیب امجد کو نائب صدر منتخب کیا گیا۔برطانیہ اور سپین سے شیخ اعجاز افضل اور طارق رفیق بھٹی کو سینئر نائب صدور کی ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ یو کے سے سفینہ خان کو جنرل سیکرٹری، شکیل احمد کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سویٹزرلینڈ سے عمران مزمل کو جوائنٹ سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

 دبئی سے سلمان لقمان کو سیکرٹری اطلاعات، آسٹریا سے ریاض بلوچ کو فائنانس سیکرٹری شامل کیا گیا۔ اسی طرح فورم کو مزید منظم بنانے کے لیے کچھ ممالک سے سینئر صحافیوں کو مختلف چپٹر ہیڈز کی ذمہ داریاں دی گئیں، جن میں امریکہ سے عاصم صدیقی، ڈنمارک سے راجہ غفور افضل(یورپ چیپٹر ہیڈ)، آسٹریا سے محمد عامر صدیق (اعزازی)، ساؤتھ افریقہ سے اشفاق انور، اٹلی سے تنویر ارشد اور کویت سے میاں تنویر ساحل شامل ہیں۔

اس موقع پر نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں پر پورا اُترنے اور فورم کو مزید مستحکم بنانے کا عہد کیا۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ فورم عالمی سطح پر پاکستانی صحافیوں کو یکجا کرے گا اور مختلف ممالک میں پاکستانی میڈیا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کرے گا۔ فورم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ اتحاد پاکستانی صحافیوں کو ایک مضبوط آواز فراہم کرے گا اور عالمی سطح پر پاکستان کے حوالے سے مختلف مسائل پر اثرانداز ہوگا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی صحافی دنیا بھر میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اُٹھائیں گے اور پاکستانی میڈیا کی کامیابیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گے۔ یہ اتحاد یقیناً پاکستان کی صحافتی کمیونٹی کے لیے ایک نیا باب کھولے گا اور عالمی سطح پر ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو تسلیم کیا جائے گا۔

Loading