*پاکستانی مصنف افتخار احمد عثمانی کے اعزاز میں پروقار ادبی تقریب – معروف تصنیف “چکڑ چھولے” کی تقریب رونمائی*
یونان:(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء )پاکستان جرنلسٹ کلب (رجسٹرڈ) یونان کے زیراہتمام یونانی دارالحکومت ایتھنز میں اردو ادب سے محبت رکھنے والوں کے لیے ایک یادگار اور ادبی شام کا اہتمام کیا گیا۔
یہ تقریب پاکستان کے معروف مصنف، کالم نگار، اداکار اور دانشور *افتخار احمد عثمانی* کے اعزاز میں منعقد ہوئی، جس میں ان کی مزاحیہ و تنقیدی رنگ لیے شاہکار تصنیف *”چکڑ چھولے”* کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت معروف اسلامی اسکالر *علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی* نے حاصل کی،
جبکہ نعت خوانی کے ذریعے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔
تقریب میں یونان بھر سے پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز ادبی، سماجی، مذہبی، صحافتی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
*پاکستان جرنلسٹ کلب یونان کے وائس چیئرمین چوہدری ظفر اقبال ساہی* نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور افتخار عثمانی کی علمی و ادبی خدمات کو سراہا۔
*افتخار احمد عثمانی* نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
“یونان آ کر ایسا لگا جیسے پردیس میں دیس بسا دیا گیا ہو۔ جو محبت، خلوص اور عزت یہاں ملی، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔
میرے لکھنے کا مقصد صرف ہنسانا نہیں بلکہ سوچ کے دریچے کھولنا ہے۔ ‘چکڑ چھولے’ صرف ایک طنزیہ کتاب نہیں بلکہ ایک عکاسی ہے اس معاشرتی رویے کی جس پر ہم سب کو غور کرنا چاہیے۔
میں لکھاری سے پہلے انسان ہوں، اور میری سب سے بڑی خواہش یہی ہے کہ میرے الفاظ دلوں کو چھو جائیں، ذہنوں میں سوال پیدا کریں اور چہروں پر مسکراہٹ بن کر ابھریں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ بھی اردو ادب کی خدمت جاری رکھیں گے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی سے جڑے رہیں گے کیونکہ یہی لوگ بیرونِ وطن پاکستان کی اصل شناخت ہیں۔
تقریب کے اختتام پر *صدر پاکستان جرنلسٹ کلب یونان بدر منیر سندھو* نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف ثقافت بلکہ دلوں کو بھی جوڑتی ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ کلب مستقبل میں بھی ایسے بامقصد پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گا۔
![]()



























