Daily Roshni News

پاکستانی نوجوان نے ’’اےآئی‘‘ کو مکمل اردو سکھا دی!

پاکستانی نوجوان نے ’’اےآئی‘‘‘ کو مکمل اردو سکھا دی!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )واشنگٹن (29 جنوری 2026): مصنوعی ذہانت یعنی ’’AI‘‘ جو اب تک اردو سے صحیح طور پر آشنا نہ تھی تاہم پاکستانی نوجوان نے اس کو اردو سکھا دی ہے۔

آج کل ہر زندگی کے ہر شعبے کسی نہ کسی طرح مصنوعی ذہانت (جس کو عرف عام میں اے آئی کہا جاتا ہے) داخل ہو چکی ہے۔ تاہم یہ اب تک اردو سے مکمل طور پر آشنا نہ تھی اور انگریزی کی زیادہ سوجھ بوجھ نہ رکھنے والے پاکستانی اس حوالے سے پریشان اور کوئی بھی مدد لینے سے قاصر تھے۔

تاہم اب پاکستانی اور اردو داں طبقے کے لیے خوشخبری ہے کہ اب اے آئی بھی ان کی طرح مکمل اردو جانتا ہے۔ یہ کارنامہ امریکا میں زیر تعلیم ایک پاکستانی نوجوان تیمور حسن نے انجام دیا ہے، جس نے اے آئی کو اردو سکھائی۔

تیمور حسن نے اپنے دو ساتھیوں جواد احمد اور محمد اویس کے ساتھ مل کر پاکستان کا اپنا اردو چیٹ جی پی ٹی ’’قلب‘‘ کے نام تیار کر لیا ہے جو دنیا کا سب سے بڑا اردو لینگویج ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔

’’قلب‘‘ تقریباً ایک ارب 97 کروڑ الفاظ پر تربیت دی گئی ہے اور اسے سات سے زائد عالمی معیار کے ٹیسٹس پر جانچا گیا ہے، جہاں اس نے موجودہ اردو اے آئی ماڈلز کو واضح طور پر پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ چیٹ جی پی ٹی پاکستانی ماڈل اردو زبان سمجھنے اور جواب دینے میں مکمل مہارت رکھتا ہے۔ اب لوگ اردو زبان میں جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

قلب میں طلبہ کیلیے اردو میں سوال پوچھنے کی سہولت رکھی گئی ہے۔ یہ ماڈل تحقیق اور اسائنمنٹس میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

قلب دراصل اردو زبان میں جدید دور سے جڑے رہنے کا بہترین اور آسان ذریعہ ہے اور اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ یہ ایک اہم اقدام جو وقت کی ضرورت ہے اور اردو بولنے اور لکھنے والوں کیلیے تحفے سے کم نہیں۔

واضح رہے کہ “قلب” سے قبل تیمور حسن 13 اسٹارٹ اپس کامیابی سے لانچ کر کے ایگزٹ کر چکے ہیں، وہ مائیکرو سافٹ کپ کے فاتح رہ چکے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے بی ایس کمپیوٹر سائنس فاسٹ یونیورسٹی سے مکمل کی جبکہ اس وقت امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے ساتھ جدید اے آئی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

ویب ڈیسک

Loading