پاکستانی نژاد اخبار فروش علی اکبر کو فرانس کا اعلیٰ سول اعزاز نیشنل آرڈر آف میرٹ عطا کر دیا گیا ہے۔
پیرس (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی نژاد اخبار فروش علی اکبر کو فرانس کا اعلیٰ سول اعزاز نیشنل آرڈر آف میرٹ عطا کر دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے سول اور عسکری خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق علی اکبر کو یہ اعزاز ان کی طویل محنت، پیشہ ورانہ وابستگی اور فرانسیسی معاشرے میں ثقافتی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ علی اکبر نے کئی دہائیوں تک پیرس کی گلیوں میں بطور اخبار فروش خدمات انجام دیں اور اپنی دیانت داری، خلوص اور مستقل مزاجی سے ایک منفرد مقام حاصل کیا۔
پاکستان کے شہر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے علی اکبر 1973ء میں فرانس منتقل ہوئے۔ انہوں نے پردیس میں سخت محنت کے ذریعے نہ صرف اپنی روزی کمائی بلکہ فرانس میں پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر کیا۔ علی اکبر کو آج فرانس کے آخری اخبار فروشوں میں شمار کیا جاتا ہے، جو ڈیجیٹل دور میں بھی پرنٹ میڈیا سے اپنی وابستگی قائم رکھے ہوئے ہیں۔
مقامی فرانسیسی شہری علی اکبر کے جذبے، محنت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ علی اکبر پیرس کی صحافتی اور ثقافتی تاریخ کا ایک زندہ حوالہ ہیں۔
پاکستانی کمیونٹی اور سماجی حلقوں نے علی اکبر کو ملنے والے اس اعزاز کو پوری پاکستانی برادری کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے اور فرانسیسی حکومت کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ رپورٹ منیر احمد ملک بیورو چیف پیرس فرانس
![]()

