پاکستانی نژاد برطانوی صحافی صائمہ محسن نے اپنی برطرفی کے خلاف امریکی نیوز چینل سی این این کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔
صائمہ محسن نے لندن کی ایمپلائمنٹ ٹریبونل میں سی این این کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جس میں امریکی نیوز چینل پر نسلی امتیاز برتنے اور غیر منصفانہ برخاستگی کا الزام عائدکیا ہے۔
پاکستانی نژاد برطانوی صحافی صائمہ محسن سی این این کے لیے صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے 2014 میں اسرائیل میں رپورٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوکر چلنے پھرنے سے معذور ہوگئی تھیں جس کے باعث وہ ملازمت پر واپس جانے سے بھی قاصر ہوگئیں۔
صائمہ محسن کا موقف ہےکہ انہوں نے ادارے کو متبادل فرائض کی ادائیگی اور مدد کی درخواست کی جسے ادارے نے مسترد کردیا۔
‘مجھ سےکہا گیا آپ ویسی نہیں دکھتیں جیسی ہم چاہتے ہیں’
ان کے مطابق میں نے معذوری کے بعد سی این این سے بطور میزبان کام مانگا تو انکار کردیا گیا اور مجھ سےکہا گیا کہ آپ ویسی نہیں دکھتیں جیسی ہم چاہتے ہیں۔
خاتون صحافی کے وکلا کا کہنا ہےکہ ان کے مقدمے نے صحافیوں کی حفاظت اور صحافت میں خواتین کے ساتھ برتاؤ سے متعلق میں اہم سوالات اٹھائے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے نے ان الزامات پر تبصرہ کرنے سےگریز کیا ہے۔
صائمہ محسن اس وقت برطانوی میڈیا پر فری لانسر کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں۔