Daily Roshni News

پاکستان بزنس فورم ہالینڈ۔۔۔30 ویں سالگرہ ، رنگارنگ تقریب

پاکستان بزنس فورم ہالینڈ

۔30 ویں سالگرہ ، رنگارنگ تقریب

آنکھوں دیکھا حال

جاوید عظیمی کے قلم سے!!

ہالینڈ¬(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔پاکستان بزنس فورم ہالینڈ کی سالگرہ کی تقریب کا آنکھوں دیکھا حال۔۔۔جاوید عظیمی کے قلم سے )محب وطن پاکستانی دنیا کے کسی ملک میں  بھی مقیم ہوں ، اپناتشخص برقرار رکھتے ہیں جبکہ وطن عزیز کی خوشحالی ، ترقی اور تحفظ کے لئے اپنا اہم کردار بھی ادا کرتے ہیں۔ حب الوطنی کے جذبے سے سرشار پاکستانی خواتین و حضرات دیار غیر میں پاکستانی انداز میں زندگی گزارنے کوترجیح دیتے ہیں اس لئے ان کا رشتہ  پاکستان سے مزید مستحکم بنیادوں پر استوار رہتا ہے ۔ میرا نام محمد جاوید عظیمی،  آن لائن اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کا مدیر اعلیٰ ہوں گزشتہ 33 سال سے ہالینڈ میں رہائش پزیر ہوں اس عرصے میں میرا مشاہدہ بھی یہی ہے کہ محب وطن پاکستانی جسمانی طور پردیار غیر میں ہوتا ہے مگر روحانی اور قلبی  طور پر اس کی وابستگی پاکستان سے ہوتی ہے۔ گزشتہ دنوں پاکستان بزنس فورم ہالینڈ کے روح رواں انور ثاقب نے مجھے بذریعہ فون  اپنی آرگنائزیشن کے تیس سال مکمل ہونے کی نوید سنائی اور ساتھ ہی اس سلسلے میں سالانہ گرینڈ ڈنر کے لئے بڑی محبت سے مدعو بھی کیا ۔ انور ثاقب حساس طبیعت ، ملنسار ، خوش اخلاق ، ادب و آداب سے آراستہ ، محب وطن پاکستانی اور جہاندیدہ شخصیت کے حامل انسان ہیں ۔ میں نے ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے مدعو کرنے پر اظہار ممنونیت بھی کیا

پاکستان بزنس فورم ہالینڈ کے زیر انتظام و انصرام فورم کے تیس مکمل ہونے کے پُرمسرت موقعہ پر بروز اتوار 21 جولائی 2024 کو سالانہ  گرینڈ ڈنر کی تقریب کو جشن کی صورت میں منعقد کرنے کے لئے عظیم الشان اہتمام کیا۔ مذکورہ رنگا رنگ تقریب میں شرکت کی غرض سے میں اور میرے معاون ساتھی میاں عاصم محمود دی ہیگ کے ساحل سمندر کے قرب میں واقع خوبصورت ریسٹورنٹ پہنچے تو انور ثاقب برق رفتاری سے اپنی خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ رجسٹریشن ڈیسک کی جانب تشریف لائے اور ہمیں گرمجوشی  سےخوش آمدید کہا اور پریس کارڈ تمغے کی مانند میرے  سینےپر سجا دیا اور پریس کے لئے مختص کی گئیں نشستوں پر تشریف رکھنے کے لئے التماس کی ۔خوبصورت ہال میں ہر جانب دیدہ زیب ملبوسات میں ملبوس  شرکائے تقریب خواتین و حضرات مسکراتے چہروں کے ساتھ ایک دوسرے سے  محو گفتگو نظر آرہے تھے معزز مہمانوں کی آمد مکمل ہونے کے بعدمذکورہ فورم کے جنرل سیکرٹری شیخ ظفر نے تقریب کی نقابت کرتے ہوئے  معزز  مہمانوں کو خوش آمدید کہااور استقبالیہ کلمات  بھی ادا کئے ، انھوں نے اپنے خوبصورت لحن میں اللہ تعالٰی  کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت اور پھر قرآن فہمی کے لئے اس سورہ کا ترجمہ بھی بیان کیا ۔

بعد ازاں ڈرامائی انداز یعنی شرکائے تقریب کو ورطہ حیرت میں ڈالنے کے لئے فورم کی ٹیم کو اسٹیج پر مدعو کیا اور ساتھ ہی کہا کہ یہ تمام حضرات فورم کے صدر انور ثاقب کے خلاف احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ جس پر تمام مہمان بہت حیران ہو گئے مگر اس احتجاج کو مثبت بناتے ہوئے انور ثاقب کو ان کی فورم کے لئے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں لائف اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے اسٹیج پر تشریف لا کر یہ ایوارڈ پیش کیا ۔ فورم  کے صدر انور ثاقب نے معزز مہمانوں اور سفیر پاکستان محترم   سلجوق مستنصر تارڑ  کااس پر مسرت تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فورم کی تیس سالہ خدمات اور سرگرمیوں پر حمیق انداز میں روشنی ڈالی جبکہ مستقبل میں انھیں جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔ ایک موقعہ پر انور ثاقب نے تجارتی نقطہ نظر سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں سیاسی عدم  استحکام  کےباعث سرمایہ کاری کے امور نمٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے اس کے باوجود پاکستان بزنس فورم ہالینڈ کے تمام تاجران تجارتی حجم کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ کمرشل سیکرٹری شفیق حید ر ورک نے اپنے خطاب میں مقامی ولندیزی تجارتی وفود سے ہونے والی ملاقاتوں پاکستان اور ہالینڈ کے مابین ہونے والی تجارت کے حجم میں مزیدا ضافہ کرنےکے سلسلے میں اپنی کاوشوں  پر روشنی ڈالی جبکہ سفارتخانہ پاکستان  کی معاونت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے بزنس فورم کا تقریب میں مدعو کرنے پر قلبی شکریہ ادا کیا۔ سفیر پاکستان محترم سلجوق مستنصر تارڑ نے متذکر کا فورم کے تیس سال مکمل ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور سفارتخانہ کے عملے کی کمیونٹی کی شاندار خدمات کے سلسلے میں مسرت و انبساط کا اظہار کیا

انھوں نے اپنی  گفتگو  کوجاری رکھتے مزید کہا کہ مجھ سمیت سفارتخانے کا اسٹاف پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے  ہیں۔ سفیر پاکستان نے منعقدہ خصوصی اور پروقار تقریب میں مدعوکرنے پر بزنس فورم کے ممبران اور عہدیداران کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر انور ثاقب کو ایوارڈ کی مبارکباد بھی پیش کی۔ اس رنگارنگ مسرت و شادمانی سے معمور تقریب کے دوران حسب معمول اس سال بھی سالانہ ایوارڈز کا سلسلہ جاری رکھا اس کے مطابق  بہترین بزنس مین کے ایوارڈز کے لئے تاجر اقبال یار خان، سہیل کاسیمٹکس کے  حاجی  مشتاق احمد جبکہ  سینیئر صحافی راجہ فاروق حیدر اور جاوید کھوکھر کو ان کی صحافتی خدمات پر ایوارڈز دیئے گئے۔ بزنس فورم کے عہدیداران کی بیگمات نے سفیر پاکستان کی اہلیہ کو اسٹیج  پرپرمدعو  کر  کےخوبصورت پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے پروگرام میں خلوص دل سے خوش آمدید کہتے ہوئے شرکت پر شکریہ بھی  ادا کیا۔ اس پروگرام میں خصوصی سر گرمی کے طور پر نئے شادی شدہ جوڑوں کشمالہ محمد عثمان اور کو مل ارباز کو بزنس فورم کی جانب سے تحائف پیش کئے گئے۔

اس خصوصی تقریب کے  وقفے لذت کام و دہن کے سلسلے میں مدعو ین کی تواضع انواع و اقسام ہے لذیز عمده گرما گرم پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ کھانے کے وقفے کے بعد تمام شرکاء اپنی نشستوں پر بیٹھے اور ساتھ ہی میٹھے کا دورشروع  ہو گیا اسی اثنا میں فورم  کی انتظامیہ کی جانب سے کھیل تمبولہ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ۔ اِس دلچسپ کھیل میں کئی  مہمانوں نے انعامات جیتے  اور اس کھیل سے لطف اندوز بھی ہوئے۔ متذکرہ رنگارنگ تقریب کے اختتام پر بزنس فورم کی انتظامیہ نے تمام شرکا ئے تقریب کو مٹھائی کے ڈبے پیش کر کے الوداع کیا

اس طرح یہ تقریب مہمانوں کے دل و دماغ پر اپنے انمٹ یادوں کے  نقوش ثبت کرکے اپنے اختتام کو پہنچی  اس یاد گار تقریب کی  کو ریج کے لئے دیگر میڈیا مندوبین کے ساتھ معروف آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے مدیر اعلیٰ محمد جاوید عظیمی اور معاون میاں عاصم محمود نے انتہائی محنت شاقہ سے کوریج کے امور سر انجام دیئے۔

 

Loading