پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔
کرسمس کی شام آتے ہی دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا آغاز ہوا۔
کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا سلسلہ جاری ہے جہاں ملک کی سلامتی خوشحالی اور وطن کی ترقی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔
ادھر واشنگٹن، لندن، پیرس، ماسکو، دبئی اور دیگر شہر کرسمس کی رنگا رنگ سجاوٹ سے جگمگا گئے۔
ویٹی کن سٹی میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، پوپ لیو نےحضرت عیسیٰ کی پیدائش کے حالات کاذکر کیا، انہوں نے کہا کہ غریبوں اور اجنیوں کی مدد نہ کرنے کا مطلب خدا کو مسترد کرنے کے مترادف ہے۔
فلسطین کے شہر بیت لحم میں واقع تاریخی چرچ آف نیٹی ویٹی میں عقیدت مندوں کا اجتماع دیکھنے میں آیا۔
وزیراعظم کی مبارکباد
وزیر اعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی بھائی پاکستان میں فعال، مثبت اور پُرامن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار ادا کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ہمارے ملک کیلئے باعث امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن پوری انسانیت کیلئے پیغام محبت، امن و رواداری اور خیرسگالی کے جذبات سے جڑا ہے۔ ملک کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی کیلئے مسیحی برادری کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں، دہشتگردی کےخلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ان کی قربانیاں ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسیحی برادری کی تعلیم، طب اور دیگر شعبوں میں بھی گراں قدر خدمات سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہیں، تمام شہریوں کیلئے بلاتفریق حقوق و آزادی کا تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی کے یکساں مواقع حکومت کی ترجیح ہیں۔
![]()
