پاکستان فیسٹیول 2026 کا کامیاب انعقاد
خصوصی رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ ۔۔۔جاوید عظیمی )وطن عزیز پاکستان کی ثقافت کو روشناس کرانے اور پاکستان کے سوفٹ امیج کو دیگر اقوام کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لئے ہالینڈ میں ہر سال مختلف شہروں میں جوش وجذبے کے ساتھ پاکستان فیسٹیول کا انعقاد جشن کی صورت میں کیا جاتا ہے ۔ مذکورہ فیسٹیول کا انعقاد ہر سال موسم گرما میں با قاعدگی سے کیا جاتا ہے، مگر اس بار اس کا انعقاد موسم سرما میں یعنی بروز اتوار 25 جنوری 2026 کو پاکستان فیسٹیول ونٹر ایڈیشن کے نام سے انڈور کشادہ ہال میں کیا گیا۔ میلہ کی انتظامی امور کمیٹی کے سربراہ جمیل احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انتھک محنت سےمیلے کا شاندار کامیاب انعقاد کر کے شائقین میلہ کو محظوظ ہونے کا موقعہ فراہم کیا۔
کشادہ خوبصورت ہال کو خوبصورت انداز سے پاکستانی اور ہالینڈ کے پرچموں سے آراستہ کیا گیا۔ لذت کام و دہن کے سلسلے میں مختلف انواع و اقسام نے مزیدار کھانوں کے اسٹالز کے باعث کھانوں کی خوشبوؤں سے فضامعطر جبکہ ملبوسات کے اسٹالز بھی انتہائی دلکشی سے لگائے گئے ۔ بچوں کی سرگرمیوں کے لئے بھر پور انتظامات تھے۔ سفیر پاکستان محترم سید حیدر شاہ، ڈپٹی ہیڈ آف مشن جمال ناصر ، فرسٹ سیکرٹری محمد جنیداورکمر شل سیکرٹری محمد شفیق ورک اپنی فیملیز کے ہمراہ ہال میں تشریف لائے تو ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے شہزادی شمسی بیگ نے شائقین میلہ کو خوش آمدید کہا۔سفیر پاکستان سید حیدرشاہ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ میں پاکستانی کمیونٹی کو کثیر تعداد میں ایک جگہ اجتماع کی صورت میں دیکھ کر بہت مسرور ہو رہا ہوں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ در حقیقت آپ سب پاکستان کے سفیر ہیں ، محترم سفیر نے میلہ کمیٹی کا پروگرام میں مدعو کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے وطن عزیز کے لئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے ۔ پروگرام کے دوران فیشن شو اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا گیا جبکہ اس سلسلے میں خوبصورت لباس میں خواتین نے رقص بھی پیش کیا ۔ گلوکارہ عینی خالد نے بلخصوص نوجوانوں کے لئے چند گانے پیش کئے اس پروگرام کے مرکزی گلوکار کنگ آف بھنگڑا نامور پاکستانی گلوکار ابرار الحق اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے تو شائقین میلہ نے دل کھول کر زبر دست تالیوں کی گونج میں پر تپاک استقبال کیا ۔ گلوکار ابرار الحق نے اپنے شہر آفاق گیت گانے جو سمندر پار پاکستانیوں کو وطن کی یاد اور ماحول میں لے جاتے ہیں انہیں پورے جذبے کے ساتھ اپنی مخصوص آواز اور انداز میں گا کر شائقین کے دل موہ لئے۔قبل ازیں میلہ کمیٹی کے سربراہ جمیل احمد نے فیسٹیول کے انعقاد کے لئے تمام اسپانسرز اور انتظامی امور کمیٹی کی کے حضرات کی خدمات جبکہ فنکاروں کو ویزے دلوانے کے سلسلے میں کی جائے والی کاوشوں پر سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے محترم سفیراور افسران کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اظہار مسرت و شادمانی کے طور پر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔ پاکستان فیسٹیول کا رنگا رنگ پروگرام اپنی رنگینیوں پاکستان کی لازوال محبت اور یادوں کے انمٹ نقوش شائقین میلہ کے قلوب پر ثبت کر کے اپنے اختتام کو پہنچا۔
یاد رہے متذکرہ پروگرام کے لئے دیگر حضرات اور میڈیا کے ساتھ ساتھ اخبار روشنی نیوز کے ایم ڈی میاں عاصم محمود اور میاں عمران نے اپنے قریبی دوستوں کے ہمراہ روشنی نیوز کی جانب سے اسپانسر کیا جس کے لئے میں تمام ساتھیوں کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان تمام دوستوں کو صحت و سلامتی اور خوشگوار زندگی عطا فرمائیں۔آمین ثمہ آمین
پاکستان ہمیشہ زندہ باد
خصوصی رپورٹ : محمد جاوید عظیمی
![]()















































