‘پی سی بی دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے’
گریگ بارکلے نے پاکستان میں کرکٹ کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں، اب چونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی مرد اور خواتین کرکٹ کو اگلے درجے پر دیکھیں گے اور کمرشل نقطہ نظر سے بھی اس کے مثبت اثرات نظر آئیں گے۔
گریگ بارکلے کا کہنا تھاکہ انہیں مرد اور خواتین کرکٹ کی ترقی اور انتظامی سطح پر اس کی منصوبہ بندی سے متعلق جو بریفنگ دی گئی اس سے وہ بہت خوش ہوئے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں شرکت اور کامیابیوں کے تناظر میں صلاحیت کے اعتبار سے پاکستان کی خواتین کرکٹ کا مستقبل بہت اچھا ہوگا۔
گریگ بارکلے نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان کے دورے میں جو کچھ دیکھا ہے اس سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں، جیسا کہ آئی سی سی کے نقطہ نظر سے ہم اس کھیل کو دنیا بھر میں وسعت دینا چاہتے ہیں اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی موجودگی خوشی کا باعث ہے۔
نجم سیٹھی کا بیان:
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور آئی سی سی کے ڈائریکٹر نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ اس دورے کے لیے گریگ بارکلے اور جیف ایلرڈائس کے شکر گزار ہیں، اس دورے نے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے خیالات اور آئیڈیاز کے تبادلے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ، آئی سی سی کے ساتھ بات چیت کو جاری رکھنے اور گلوبل حکمت عملیوں اور منصوبوں کے معاملے میں ساتھ کام کرنے پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہ نہ صرف تمام رکن ممالک کے بہترین مفاد میں ہیں بلکہ ان سے اس مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی جس کا تعلق کرکٹ کو مزید فروغ دیتے ہوئے نئے دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے
یاد رہے کہ گریگ بارکلے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا، اس دورے میں گریگ بارکلے اور جیف ایلرڈائس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور بورڈ کے دیگر حکام سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں کرکٹ کی ترقی اور اسے مزید فروغ دینے سے متعلق مشترکہ معاملات پر گفتگو ہوئی۔