Daily Roshni News

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو باآسانی شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی

لاہور: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

پاکستان نےجنوبی افریقا کا 111 رنز کا ہدف با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقی بیٹنگ لائن پاکستان کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پوری پروٹیز ٹیم  110رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

آج کے میچ کیلئے پاکستان کی پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ۔ شاہین آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

جنوبی افریقا کی اننگز

پاکستان کے خلاف جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی، کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر تک پچ پر رک کر بیٹنگ نہ کرسکا اور یکے بعد دیگر وکٹیں گرتی گئیں۔

پاکستان کی شاندار بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 110رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقا کے 7 بیٹرز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔پروٹیز  کی جانب سے صرف ڈیوالڈ بریوس 25 اور ڈونون فریرا 15رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ کاربن بوش نے 11 اور بارٹ مین نے 12 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔نسیم شاہ نے 2 اور ابرار احمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے جنوبی افریقا کا 111 رنز کا ہدف صائم ایوب کی برق رفتار اننگز کی بدولت  14 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔صائم ایوب 38 گیندوں پر 71  اور بابر 11 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

یوں پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

سیریز کا فیصلہ کن میچ کل لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

Loading