*پاکستان کی سپیریئر یونیورسٹی کی جانب سے استنبول میں تیسری ریسکون کانفرنس کا شاندار انعقاد*
استنبول, ترکیہ(روزنامہ روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔نمائندہ خصوصی ۔۔۔سید رضوان حیدر بخاری)پاکستان کی سپیریئر یونیورسٹی کی جانب سے تیسری انٹرنیشنل ریہیبیلیٹیشن اینڈ الائیڈ سائنسز کانفرنس Rehabilitation and allied sciences conference RASCON) کا انعقاد کیا گیا، استنبول کی آئیدن یونیورسٹی کے تعاون اور میزبانی میں یہ کانفرنس منعقد ہوئی۔۔
کانفرنس میں پاکستان سے 135 افراد کا وفد استنبول پہنچا جس میں پاکستان کی مختلف جامعات کے ڈینز، اساتذہ، ریسرچرز اور طلباء و طالبات شامل تھے۔۔ پاکستان کے علاوہ 10 دوسرے ممالک کے وفود بھی کانفرنس میں شریک ہوئے۔۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی آئیدن یونیورسٹی کے صدر جناب مصطفی آئیدن، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل جناب خواجہ خرم نعیم اور سپیریئر گروپ آف کالجز اینڈ یونیورسٹی اور نیو میڈیا ہاؤس کے نائب صدر جناب چوہدری حمزہ رحمان تھے۔۔ دیگر معزز مہمانوں چئیرمین ریسکون پروفیسر ڈاکٹر محمد نوید بابر، پروفیسر کوتائے کاراجا شامل تھے۔۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔۔ اس کے بعد مختلف مہمانوں نے کانفرنس اور پاکستان کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا، مہمان خصوصی صدر آئیدن یونیورسٹی مصطفی آئیدن نے بہت ہی والہانہ اور پرجوش انداز میں ترکیہ اور پاکستان کی تاریخی دوستی اور بھائی چارے پر اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلق تا قیامت قائم رہے گا۔۔
قونصل جنرل صاحب نے بھی پاکستان اور ترکیہ کی جامعات کے درمیان تعاون کو خوش آئند قرار دیا جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے طلباء و طالبات کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع حاصل ہوں گے بلکہ تحقیق اور ٹیکنالوجی میں ایک دوسرے کے ساتھ نالج شیئرنگ سے بہت آگے بڑھا جا سکتا ہے۔۔۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور مہمانوں کو یادگاری تحائف پیش کئیے گئے ۔۔۔
![]()





















