پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے آئرلینڈ کے شہر لمرک کے مقامی ریسٹورانٹ عدیز کچن میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی ،پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور بچوں کی کثیر تعداد میں شرکت ۔
لمرک آئرلینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔وسیم بٹ ) پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے آئرلینڈ کے شہر لمرک کے مقامی ریسٹورانٹ عدیز کچن میں ایک رنگا رنگ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سیاسی۔ سماجی ۔ ڈاکٹرز اور کاروباری اہم شخصیات کے علاوہ بنگالی ۔افغانی ۔منگولین اور بھوٹان کمیونٹیز کی فیملیز اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے بین الاقوامی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا خوبصورت ثبوت فراہم کیا ۔اس تقریب کے مہمان خصوصی لمرک سٹی کے کونسلر آزاد تعلقدار تھے ۔ سبز حلالی پرچموں اور روشنیوں سے سجے ہال میں پاکستانی ثقافت کی جھلک نمایاں نظر آرہی تھی ہال کی دیواروں پر بانیان پاکستان اور پاکستانی ثقافت کی تصاویر آویزاں تھی اور اس کے علاوہ ایک بڑی سکرین پر ملی نغمے ماحول کو مزید گرما رہے تھے خواتین اور بچوں نے زرق برق ثقافتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے ۔
پاکستانی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا جس نے بڑے خوبصورت انداز سے پورے پروگرام کی کوریج کی ۔
شرکاء نے پاکستان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں گے مقررین نے کہا کہ وہ ہزاروں میل دور رہ کر بھی اپنے وطن سے جڑے ہوئے ہیں آزادی ایک عظیم نعمت ہے آزادی کی شکرگزاری کا عملی اظہار یہ ہے کہ ہم قیام پاکستان کے مقاصد اور بانیان پاکستان کے نظریہ کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں ڈالیں انہوں نے مزید کہا کہ اس دیار غیر میں رہتے ہوئے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد انتہائی ضروری ہے جس سے ہمارے بچے ایک تو اپنی ثقافت اور اپنے ماحول سے جڑے رہتے ہیں تو دوسرا اس آزادی کے لیے ہمارے ہزارہا اسلاف کی دی جانے والی قربانیوں کی انہیں آگاہی ملتی ہے ۔
تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع پاکستانی زائقوں سے بھرپور روایتی کھانوں سے کی گئی ۔
اس تقریب کی چیف آرگنائزر انیلہ ظہیر نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے اس تقریب آ کر اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیا
یہ رنگا رنگ تقریب نہ صرف پاکستان سے محبت اور وابستگی کا اظہار تھی بلکہ مختلف قومیتوں کی شمولیت نے اسے ایک بین الاقوامی ہم آہنگی اور امن کا پیغام بھی بنا دیا ۔