Daily Roshni News

پنجاب میں پتنگ بازی کی مشروط اجازت، آرڈیننس جاری

لاہور: پنجاب حکومت نے پتنگ بازی کی اجازت کا آرڈیننس جاری کردیا۔

گورنر پنجاب سلیم حیدرکے دستخطوں سے بسنت منانے کی مشروط اجازت کا آرڈیننس جاری کیا گیا ہے جس کے تحت بسنت کے لیے شرائط مقرر کی گئی ہیں جن کی خلاف ورزی پرقید اورجرمانے کی سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔

آرڈیننس کے مطابق پنجاب میں 2001 میں پتنگ بازی پرپابندی لگی تھی، 25 سال بعد پتنگ بازی کی دوبارہ اجازت دی گئی ہے تاہم 18 سال سے کم عمربچے پتنگ بازی نہیں کرسکیں گے، خلاف ورزی پر والد یا سرپرست ذمہ دارہوگا۔

آرڈیننس میں بتایا گیا ہےکہ  صرف دھاگے سے بنی ڈور سے ہی پتنگ بازی کی اجازت ہوگی، دھاتی یا تیز دھار مانجھے سے بنی ڈور کے استعمال پر سخت سزائیں دی جائیں گی،کم ازکم 3 اور زیادہ سے زیادہ 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جاسکے گی،ضلع کے اندر ہر موٹرسائیکل متعین کردہ حفاظتی تدابیر کے مطابق چلائی جائے گی۔

آرڈیننس کے مطابق مشکوک مقام یا مکان کی تلاشی کا حق بھی دیا گیا ہے، جرم ناقابل ضمانت ہوگا، 18سال سے کم عمربچوں کےقانون کی پہلی خلاف ورزی پر 50 ہزار، دوسری بار ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا،عدم ادائیگی جرمانہ پر والد یا سرپرست کے خلاف کارروائی عمل میں آئے گی، پتنگ بازی کی ایسوسی ایشنزمتعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے پاس رجسٹر کی جائیں گی۔

آرڈیننس میں مزید کہا گیا ہے کہ پتنگیں رجسٹرڈ دکانداروں سے ہی خریدی جائیں گی ، ہر رجسٹرڈ دکاندار کو ایک کیو آر کوڈ سے منسلک کیا جائے گا، پتنگ پر بھی کیو آر کوڈ ہوگا جس سے پتنگ بیچنے والے کی شناخت ہو سکے گی ،ڈور بنانے والوں کی بھی رجسٹریشن ہو گی، کیو آر کوڈ سے ان کی بھی شناخت ہو گی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےتین دہائیوں بعد پنجاب کےروایتی ثقافتی و تہذیبی روایات اورتہواروں کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔

Loading