Daily Roshni News

پنڈی ٹیسٹ: پاکستان پر وائٹ واش کا سایہ منڈلانے لگا، بنگلادیش کو سیریز جیتنے کیلئے مزید 100 رنز درکار

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آج فیصلہ کن دن ہے اور مہمان ٹیم کو سیریز اپنے نام کرنے کے لیے مزید 100 رنز درکار ہیں۔

185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش نے دو وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنالیے ہیں۔

بارش اور خراب روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا تھا اور آج مہمان ٹیم نے اپنی اننگز 42 رنز سے آگے بڑھائی۔

اس صورتحال کے بعد یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پاکستان پر وائٹ واش کا سایہ منڈلانے لگا ہے اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہ ہوسکا تھا پھر دوسرے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 262 رنز بنا کر 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی تھی۔

اس کے بعد پاکستان ٹیم نے 12 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز آگے بڑھائی اور 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں بنگلا دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔

محکمہ موسمیات نے آج پنڈی میں دوپہر تک بارش کی پیشگوئی کی ہے اور اگر میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں بھی بنگلا دیش سیریز ایک صفر سے جیت جائے گا۔

Loading