راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن شہر کا موسم ابر آلود ہے اور گہرے بادلوں کے سبب میچ روک دیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم میں کم روشنی کی وجہ سے چائے کے وقفے کے بعد کے سیشن کا کھیل روک دیا گیا، 185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز نے کھیل کا شاندار آغاز کیا اور بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنالیے۔
اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 3، خرم شہزاد صفر، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 ،بابر اعظم 11 ، سعود شکیل 2، محمد رضوان 43، محمد علی صفر، ابرار احمد دو اورمیر حمزہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کا آغاز پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 21 رنز کی برتری سے کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے پانچ ، ناہید رانا نے چار اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
تیسرے دن کا کھیل:
کھیل کے تیسرے دن پاکستان کی دو وکٹیں چوتھے اوور میں گرگئی تھیں، عبد اللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
کھیل کے تیسرے دن پہلے گھنٹے پاکستانی بولرز چھائے رہے اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا مگر پھر وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کے 138 اور مہدی حسن کے 78 رنز کی بدولت بنگلادیشی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا سکی اور 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔
ان دونوں بیٹرز نے ساتویں وکٹ پر 165 رنزکی شراکت لگائی، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 جب کہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب بنگلا دیشی بیٹر لٹن داس نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ بیٹنگ کو مدد نہیں کر رہی ہے، ابتدا میں صرف 26 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو کچھ دباؤ ضرور تھا مگر مہدی حسن میراز نے مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کی اور پاکستانی بولنگ لائن کا دباؤ کم کیا۔