پیرس فرانس میں معروف شاعرہ مصنفہ شاز ملک کی نعتیہ و حمدیہ کتاب “کتاب و رفعنا لک ذکرک” کی شاندار رونمائی اور مشاعرہ
پیرس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ منیر احمد ملک ) فرانس پاک انٹرنیشنل رائیٹرز فورم کے سرپرستِ اعلیٰ ملک سعید کی سرپرستی میں معروف مصنفہ و شاعرہ شاز ملک کی حمدیہ و نعتیہ مجموعہ “کتاب و رفعنا لک ذکرک” کی رونمائی اور مشاعرہ شاندار انداز میں منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت ڈنمارک و یورپ کی معروف مصنفہ، شاعرہ و محققہ محترمہ صدف مرزا نے کی جبکہ فرانس کے متعدد معروف شعراء و ادیب اس ادبی محفل میں شریک ہوئے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز ملک سعید نے کیا جنہوں نے کتاب کا اجرا کرتے ہوئے علامتی طور پر شمع روشن کی۔ اس کے بعد معروف نعت خواں زیڈ ایم چشتی نے تلاوتِ کلام پاک کے ساتھ شاز ملک کی لکھی نعت پڑھ کر محفل میں روحانی جذبہ بیدار کیا جسے حاضرین نے بھرپور پذیرائی سے نوازا۔
کتاب پر تاثرات میں ایاز محمود ایاز، مقبول الہی شاکر، زیڈ ایم چشتی اور محترمہ صدف مرزا نے تصنیف کی ادبی اور روحانی اہمیت پر گفتگو کی اور اس مجموعے کو نعتی ادب میں ایک قابلِ قدر اضافہ قرار دیا۔ اظہارِ خیال کرنے والوں نے کہا کہ اس کتاب میں زبان و بیان کا حسن اور جذباتی خلوص نمایاں ہے۔
مشاعرے کے سیشن میں متعدد ادب دوست شعراء نے نعتیہ کلام پیش کیا، جن میں صدف مرزا، شاز ملک خود، ایاز محمود ایاز، مقبول الہی شاکر، عاشق رندھاوی، عظمت نصیب گل، راجہ زعفران، کامران سیفی، راز کوندل، آصف آصی اور اویس تراب گوندل شامل تھے۔ شرکاء نے پیش کیے گئے کلام کو سراہا اور مصنفہ کو خوبصورت نعتیہ مجموعے پر مبارکباد دی۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے تمام مہمانوں کی تواضع کے لیے عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں شرکاء نے باہمی گفتگو اور تبادلہ خیال کے ذریعے ادبی روابط کو مزید مستحکم کیا۔ منتظمین اور شرکا نے کہا کہ ایسی محفلیں ادبی اور روحانی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں
شاز ملک کی اس تازہ تصنیف کو ادبی حلقوں میں پذیرائی ملنے کے پیشِ نظر توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ مجموعہ نعتیہ ادب کے قاریین میں مقبولیت حاصل کرے گا۔ ملک سعید، محفل کے منتظمین اور شرکت کرنے والے شعراء و اہلِ فن نے اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
![]()







