پیرس میں فلاحی تنظیم کے او آر ٹی کی تعارفی تقریب منعقد کی گئی ۔ معروف شخصیات کی بھرپور شرکت ۔
فرانس ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔ نمائندہ ۔۔۔۔ منیر احمد ملک ) پیرس: فرانس گزشتہ روز فلاحی تنظیم کے او آر ٹی کی تعارفی تقریب تاج ریسٹورنٹ گونس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام معروف کشمیری راہنما مرزا آصف جرال نے کیا جس میں پاکستانی، کشمیری کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر KASHMIR ORPHANS RELIEF TRUST چوہدری اختر نے اپنے خطاب میں تنظیم کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم گزشتہ بیس برس سے کشمیر میں یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے۔ جس میں بچوں و بچیوں کی تعلیم، مناسب رہائش، یونیفارم، کپڑے، جوتے، تین وقت کا کھانا شامل ہے۔ اس کے علاوہ قدرتی آفات میں جاں بحق ہونے والوں کے وارثوں کو بھی اس تنظیم نے سنبھالا ہوا ہے۔ بیواؤں کے لیے نئے گھر، خواتین کے لیے سلائی مشینیں، معذور افراد کے لیے ویل چیئرز، بچوں کے لیے سکول، کھیلنے کے لیے گراونڈز کی سہولیات دی گئی ہیں۔ چوہدری اختر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ سے ٹرسٹیز کی بدولت یہ فلاحی تنظیم بہتر انداز میں ضرورت مند افراد کو مدد فراہم کررہی ہے۔ آگ میں جھلس جانے والوں کو علاج کے لیے دور دراز کا سفر کرنا پڑتا تھا اس لئے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے برن ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ کشمیر گورنمنٹ کی طرف سے 200 ایکڑ کی زمین مہیا کی گئی، پاک فوج کی طرف سے بھی تعاون حاصل ہے، پاکستان گورنمنٹ کی طرف سے سول اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا، ابوظہبی میں بھی اس تنظیم کو ایوارڈ ملا تھا۔ آزاد کشمیر میں ہسپتال کی اشد ضرورت ہے جس کے لیے مخیر حضرات کی طرف سے تعاون کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں ہم نے یورپ کا سفر شروع کیا ہے۔ انشاء اللہ ماہ مئی میں ایک گرینڈ چیریٹی ڈنر کا اہتمام کریں گے جس میں کمیونٹی کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ میزبان مرزا آصف جرال نے اپنے خطاب میں آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2 مرتبہ آزاد کشمیر میں کے او آر ٹی کے مرکز کا دورہ کرچکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ وہاں کا معیار یورپ کے اداروں سے کم نہیں ہے، ہم چوہدری اختر کو یقین دلاتے ہیں کہ فرانس سے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، ہم اس کار خیر میں پورا ساتھ دیں گے۔ المدثر ٹرسٹ کھاریاں کے ڈائریکٹر مدثر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کے او آر ٹی تنظیم کی کاوشوں بارے سنا ہوا تھا لیکن آج چوہدری اختر کی باتیں سن کر اندازہ ہوا کہ ان کا فلاحی کام اندازے سے زیادہ ہے ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر راجہ بابر حسین نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایات ہیں کہ فلاحی کام کرنے والے ہر ادارے کیساتھ کھڑے رہنا ہے اس لیے آج اعلان کرتا ہوں کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے او آر ٹی کیساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔ عمران بٹ، مشتاق پاشا سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ رپورٹ منیر احمد ملک بیورو چیف پیرس فرانس
![]()















