Daily Roshni News

پیوٹن نے بیلاروس میں جوہری ہتھیاروں کی منتقلی کی تصدیق کر دی

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بیلاروس میں جوہری ہتھیاروں کی منتقلی کی تصدیق کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے یوکرین کے پڑوس میں بیلاروس میں جوہری ہتھیار نصب کر دیے ہیں، صدر پیوٹن نے تصدیق کر دی۔

ایک تقریب سے خطاب میں روسی صدر پیوٹن نے کہا روس نے پہلی بار ملک سے باہر جوہری ہتھیار نصب کیے ہیں، جس کا مقصد یوکرین کو حمایت اور ہتھیار فراہم کرنے کے خلاف مغربی ممالک کو خبردار کرنا ہے۔ انھوں نے کہا اس اقدام کا مقصد یہ بتانا ہے کہ جو ہمیں اسٹرٹیجک شکست دینے کا سوچ رہے ہیں وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔

سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم میں خطاب کے موقع پر روس کے صدر نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کو صرف اس صورت میں استعمال کیا جائے گا جب روس کی سرزمین یا ریاست کو خطرہ لاحق ہوگا۔

واضح رہے کہ بیلاروس روس کا ایک اہم اتحادی ہے اور اس نے گزشتہ سال فروری میں پیوٹن کے یوکرین پر مکمل حملے کے لیے لانچ پیڈ کے طور پر کام کیا۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ ٹیکٹیکل نیوکلیئر وار ہیڈز کی منتقلی موسم گرما کے آخر تک مکمل ہو جائے گی۔

دوسری طرف امریکی حکومت نے رد عمل میں کہا کہ ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ کریملن یوکرین پر حملہ کرنے کے لیے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس لیے ہمارے پاس اپنے جوہری ہتھیار حرکت میں لانے کی کوئی وجہ نہیں ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعہ کو کہا کہ واشنگٹن نے اپنے جوہری مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

Loading