اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نقص امن کے خدشے کے پیش نظر فوج کو دیے گئے اختیارات کا مراسلہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران نقص امن کے خدشے کے پیش نظر جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر کے فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو تعینات کر رکھا ہے۔
اب اسلام آباد کی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں تعیناتی کے دوران فوج کو حاصل اختیارات کے حوالے سے مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ صورتحال کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات حاصل ہوں گے، مقامی کمانڈر وفاقی پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوج کو شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کرنے اور گرفتاری کے اختیارات دیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوج کو مظاہرین کے خلاف لاٹھی چارج، آنسو گیس کی بھی اجازت ہو گی، طاقت کا کم سے کم استعمال کیا جائے گا، شرپسندوں کی موجودگی یا خطرات کی اطلاع پر فوج کارروائی کرے گی۔