Daily Roshni News

چوہدری اقبال، میاں عاصم ، چوہدری اعجاز اور چوہدری عامر کا مشترکہ گرینڈ افطار ڈنر کا کمیونٹی سینٹر دی  ہیگ میں اہتمام

چوہدری اقبال، میاں عاصم ، چوہدری اعجاز اور چوہدری عامر کا مشترکہ

گرینڈ افطار ڈنر کا کمیونٹی سینٹر دی  ہیگ میں اہتمام ، سفیر پاکستان

سلجوک مستنصر تارڑ کی خصوصی شرکت اور خطاب ۔۔۔!!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی ۔۔۔عکاسی۔۔۔محمد یاسر اعوان۔۔۔میاں عمران) پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ میں روزانہ کی بنیاد پر روزہ افطاریوں کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ گزشتہ  روز بروزاتوار7اپریل2024کو28ویں روزے کے لئے چوہدری محمد اقبال قاضیاں، میاں عاصم محمود ، چوہدری علی اعجاز اور چوہدری عامر یوسف نے مشترکہ گرینڈ افطار ڈنر کا انتظام و انصرام کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مذکورہ افطار ڈنر میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کثیر تعداد میں  شریک ہوئیں، سفیر پاکستان محترم سلجوک  مستنصر تارڑ نے خصوصی شرکت کرنے کی سعادت حاصل کی۔ افطار  سے قبل متذکرہ مرکز کی مسجد کے امام و خطیب علامہ مصطفےٰ نقشبندی نے تلاوت قرآن کرنے کا شرف حاصل کیا، خادم مجتبےٰ بٹ نے بارگاہ رسالت مآبﷺ نعت کی صورت میں محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے۔ اس بابرکت تقریب میں مرکز کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے معروف سماجی رہنما چوہدری یوسف کے صاحبزادے چوہدری سلیم نے پندرہ سو یورو عطیہ کئے جبکہ معروف آن لائن اردواخبار ڈیلی روشنی انٹرنیشنل کے ممبران کی جانب سے میاں عاصم محمود نے ایک ہزار یوروکا نقد مالی عطیہ کمیونٹی  سینٹر دی ہیگ کے انتظامی عہدیداران چوہدری محمد اقبال اور چوہدری زمان  کو پیش کیا۔ گرینڈ افطار ڈنر کی  اس پروقار تقریب سے سفیر پاکستان سلجوک مستنصر تارڑ نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کی جانب سے ہالینڈ میں مقیم پاکستان کمیونٹی کے خواتین و حضرات  کے لئے خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔ عصرحاضر کے تقاضوں کے مطابق بہت سے امور آن لائن کر دیئے گئے ہیں۔ مگر اس کے باوجود سفارتخانہ کا اسٹاف اپنے ہم وطنوں کی معاونت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں افطار ڈنر میں مدعو کرنے پر میزبانوں کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ۔ شرکاء کو عید الفظر کی پیشگی مبارکباد بھی  پیش کی۔ یادرہے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد واصف بھی سفیر  پاکستان کے ہمراہ تقریب میں شریک رہے۔ مولانا غلام مصطفےٰ نقشبندی نے اجتماعی دعا میں تمام شرکاء اور مہمانوں کے لئے اور  بلخصوص چوہدری سلیم اور اخبار ڈیلی  روشنی نیوز انٹرنیشنل کے ممبران کی جانب سے مرکز کے ساتھ مالی تعاون کرنے پر ان کے حق میں بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات  پیش کیں۔ تمام روزہ داروں نے روزہ افطار کرنے کے بعد نماز مغرب ادا کی بعدازاں میزبانوں کی جانب سے روزہ  داروں کی خدمت میں شاندار گرما گرم لذیذ عمدہ کھانے پیش کئے گئے۔ میزبانوں نے شرکائے تقریب کا ان کی شرکت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتےہوئے دعائیہ کلمات  بھی ادا کئے۔ متذکرہ گرینڈ افطار ڈنر کی مکمل کوریج کے لئے اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی ، مینجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود، فوٹو گرافر محمد یاسر اعوان اور میاں عمران نے محنت شاقہ سے امور سر انجام دیئے جبکہ سینئر صحافی راجہ فاروق حیدر نے بھی ٹی  وی چینل کے لئے اپنی رپورٹ تیار کی۔

Loading