چین کی جانب سے روسی شہریوں کو ویزا فری سہولت فراہم کرنے کے اعلان کے بعد روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو کی جانب سے اسی دوستانہ رویے کا اظہار کیا جائے گا۔
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ روس کی جانب سے چینی شہریوں کے لیے ویزا فری سہولت متعارف کرائی جائے گی۔
روسی صدر نے یہ بات کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے پولیٹیکل بیورو کے رکن لی ہونگ زونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ چین کی طرزپر روس بھی چینی شہریوں کو ویزا فری سہولت دے گا۔
خیال رہے کہ روسی صدر اس وقت شنگھائی کارپوریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کانفرنس کے لیے چین میں موجود ہیں۔
ایس سی او کانفرنس کے بعد چین نے روسی شہریوں کے لیے ویزا فری پالیسی کا اعلان کیا تھا۔
روسی شہریوں کو 15 ستمبر سے ایک سال کے لیے چین میں ویزا فری داخلے کی اجازت ہو گی، البتہ وہ ایک وقت میں 30 دن تک قیام کر سکیں گے۔
چین اور روس کے درمیان ویزا فری سفری نظام کا معاہدہ ٹورسٹ گروپس کے لیے پہلے سے موجود ہے۔
چینی سیاح ابھی الیکٹرونک ویزا پر روس کا سفر کرتے ہیں جس کے تحت 30 دن قیام کی اجازت ملتی ہے۔