Daily Roshni News

چین کے دوروں کی سنچری مکمل کرنیوالے سابق امریکی وزیر خارجہ پھر چین کے دورے پر

بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے معروف امریکی سفارت کار  اور سابق  وزیر خارجہ ہنری کسنجر سے ملاقات کی ہے۔

 چینی میڈیا کے مطابق 100 سالہ سابق امریکی وزیر خارجہ سے چینی صدر نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی، ہنری کسنجر چین کے دوروں کی سنچری مکمل کرچکے ہیں۔

ملاقات میں ہونے والی گفتگو کے حوالے سےکوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے تاہم  غیر ملکی میڈیا میں کہا جا رہا ہے کہ ان کا یہ دورہ امریکا اور چین کے درمیان جاری تناؤ میں کمی کے لیے ہے۔

 اس سے قبل ہنری کسنجر نے چینی وزیر دفاع لی چانگ فو سے بھی  ملاقات کی تھی، چینی میڈیا کے مطابق ملاقات میں  دونوں ممالک کے تعلقات اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لی چانگ فو سے ملاقات میں ہنری کسنجر کا  کہنا تھا کہ وہ یہاں چین کے دوست کی حیثیت سے موجود ہیں، دونوں ممالک کو  چاہیے کہ وہ غلط فہیموں کا خاتمہ کریں اور تصادم سے گریز کرتے ہوئے ایک ساتھ چلنے کو ترجیح دیں۔

ہنری کسنجر کون ہیں؟

خیال رہےکہ  نوبیل امن انعام یافتہ ہنری کسنجر 1970 کی دہائی میں سابق امریکی صدور نکسن اور  جیرالڈ فورڈ کے دور میں وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر رہ چکے ہیں۔

ہنری کسنجر نے ہی 1970 کی دہائی میں چین اور  امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

چینی میڈیا کے مطابق حال ہی میں اپنی 100 ویں سالگرہ منانے والے ہنری کسنجر 1971 کے بعد سے چین کے دوروں کی سنچری مکمل کرچکے ہیں، انہوں نے چین کے 100سے زائد دورے کیے ہیں۔

ہنری کسنجر کے دورہ چین کے حوالے سے واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اسے اس دورے کا علم ہے تاہم وہ امریکی حکومت کی نمائندگی نہیں کر رہے ہیں۔

Loading