Daily Roshni News

ڈنمارک: گینگ لیڈر عثمان علی عثمان کو جیل کی سزا اور ملک بدری کا حکم

ڈنمارک: گینگ لیڈر عثمان علی عثمان کو جیل کی سزا اور ملک بدری کا حکم

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ڈنمارک میں بدنام گینگ سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ عثمان علی عثمان (Osman Ali Osman) کو عدالت نے جیل کی سزا سنانے کے ساتھ ملک سے نکالنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔ عثمان علی عثمان کا تعلق صومالیہ سے بتایا جاتا ہے اور وہ کئی برسوں سے مختلف جرائم اور گینگ سرگرمیوں کی وجہ سے حکام کی نظر میں تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عثمان علی عثمان ماضی میں اوڈینسے کے علاقے Vollsmose میں سرگرم صومالی نژاد گینگ 9hunna کا سربراہ رہ چکا ہے۔ بعد ازاں اس کا نام ممنوعہ گینگ Loyal To Familia (LTF) کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا، جسے ڈنمارک میں عدالت کی جانب سے غیر قانونی قرار دیا جا چکا ہے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق وہ ماضی میں کئی بار سنگین جرائم کے مقدمات میں سزا پا چکا ہے اور چار مرتبہ ایسے مواقع بھی آئے جب وہ ملک بدری سے بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔ 2013 میں بھی ایک موقع پر Landsretنے اس کے خلاف دی گئی ملک بدری کو منسوخ کر دیا تھا۔

تاہم تازہ مقدمے میں Østre Landsret نے فیصلہ سناتے ہوئے عثمان علی عثمان کو دو سال قید کی سزا سنائی اور اس کے ساتھ بلا شرط ڈنمارک سے ملک بدر کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق اسے 12 سال تک ڈنمارک میں دوبارہ داخل ہونے پر پابندی ہوگی۔

ڈنمارک کے اخبار Ekstra Bladet کے مطابق عدالت نے اس فیصلے میں اس کے طویل مجرمانہ ریکارڈ اور گینگ سرگرمیوں کو مدنظر رکھا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عثمان علی عثمان گزشتہ کئی سالوں سے پرتشدد واقعات اور دیگر جرائم کی وجہ سے پولیس اور عدالتی نظام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنا ہوا تھا۔

Loading