کاروبار میں ناکامی کی بنیادی وجوہات
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کچھ لوگ ایک جیسے کاروبار میں آسمان چھو رہے ہوتے ہیں، جبکہ کچھ ناکام ہو جاتے ہیں؟ اس کی وجہ صرف قسمت نہیں، بلکہ چند بنیادی غلطیاں ہیں جو اکثر لوگ کر جاتے ہیں۔
-
مستقل مزاجی کی کمی
کاروبار میں کامیابی کا سب سے بڑا راز مستقل مزاجی ہے۔ ایک دن ایک کاروبار شروع کیا اور جب فوری نتیجہ نہ ملا، تو دوسرے کاروبار کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔ یہ سوچنا کہ آج ہی سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، ایک بڑی غلط فہمی ہے۔ یاد رکھیں، ہر بڑے درخت کو جڑ پکڑنے میں وقت لگتا ہے۔ کسی بھی کاروبار میں کامیاب ہونے کے لیے اس کو بھرپور وقت دینا ضروری ہے۔
-
انفرادیت کا فقدان
ایک ہی جیسے کاروبار میں لوگ کامیاب کیوں ہوتے ہیں؟ کیونکہ وہ کچھ نہ کچھ ایسا نیا کرتے ہیں جو دوسروں سے منفرد ہو۔ اگر آپ اپنے کاروبار کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو یہ سوچیں کہ آپ کس طرح اسے دوسروں سے الگ اور بہتر بنا سکتے ہیں۔ جب تک آپ اپنی مصنوعات یا خدمات میں کچھ خاص شامل نہیں کریں گے، آپ گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ نہیں کر پائیں گے۔
-
غلطیوں سے منہ موڑنا
جب کاروبار میں نقصان ہوتا ہے تو ہم اکثر دوسروں پر الزام لگاتے ہیں یا اپنی قسمت کو کوستے ہیں۔ لیکن اس سے کاروبار بہتر نہیں ہوتا۔ ایک کامیاب کاروباری وہ ہے جو اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتا ہے اور ان سے سیکھتا ہے۔ جب بھی آپ کے کاروبار میں کوئی رکاوٹ آئے تو یہ ضرور سوچیں کہ “مسئلہ کہاں ہے اور میں اسے کیسے حل کر سکتا ہوں؟” اپنی غلطیوں کو ڈھونڈیں اور انہیں درست کریں۔
یہ تینوں نکات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اگر آپ مسلسل کوشش کرتے رہیں، اپنے کام میں جدت لائیں، اور اپنی غلطیوں سے سیکھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ کا کاروبار کامیاب نہ ہو۔
شکریہ