Daily Roshni News

کبھی کبھی اٹک جاتا ہے دماغ

کبھی کبھی اٹک جاتا ہے دماغ

اتنا کہ ایک گھنٹہ 15 منٹ پر محیط وہ روتی رہی ۔۔۔۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )میں جانتی تھی اس کو بہت تکلیف ہو رہی ہے بہت شدت سے اس کا دل کر رہا ہے کہ وہ چاکلیٹ لگا کر وہ کروسان کھائے ۔لیکن گھر کا ایک بنیادی اصول ہے وہ ہر بچے کے لیے ہے کہ دن میں صرف ایک دفعہ یہ ممکن ہے آج صبح وہ اپنا سلائس چاکلیٹ لگا کر کھا چکی تھی ۔

صبح میں بھائیوں نے پراٹھے کھائے تھے سو وہ رات کو اب کھا سکتے تھے لیکن وہ تو صبح ہی اپنا چاکلیٹ والا حصہ کھا چکی تھی اب وہ صرف ان کو دیکھ رہی تھی اور مچل رہی تھی۔

میرے پاس آپشن تھی کہ میں اس کو اجازت دے دیتی لیکن پھر یہ اجازت مجھے باقی دونوں کو بھی دینی تھی ۔اس نے ہر طرح سے مجھے بہلانے کی کوشش کی تھی ، روئ تھی چیخی تھی، میرا جوتا چھپا آئ مجھے ہاتھ بھی نہیں لگانے دے رہی تھی لیکن وہ اب بڑی ہو رہی ہے مجھے کچھ اصول اس کو سکھانے ہیں ۔ اس نے مجھے کہا مجھے بھوک لگ رہی ہے میں نے تمام چیزوں کے نام اس کو گنوا دیے مگر وہ بضد چاکلیٹ پر تھی ۔ ایک دفعہ یہ باؤنڈری مجھے اس کے ساتھ بنانی تھی ۔ اس کا بھوکا رہنا مجھے منظور تھا لیکن میں جانتی تھی کہ آج میں نے تھک کر اجازت دے دی تو وہ اگلی دفعہ اس سے بھی زیادہ شدت سے روئے گی ۔

ہمارے بچے ہمیں آزماتے ہیں ،غصہ دلاتے ہیں اور ہم بھول جاتے ہیں کہ ہم والدین اور وہ بچے ہیں ۔ ہم بلیک میل ہو جاتے ہیں۔

میں اس کے ساتھ موجود رہی ۔۔۔مشکل تھا بہت اس کا مسلسل رونا دیکھنا جس میں ہچکیاں اور شدت بہت زیادہ تھی ابھی بھی لکھ رہی ہوں تو سر میں درد کی لہر اٹھی ہے لیکن بس میں اس کے ساتھ رہی ۔۔۔

اسے کہتی رہی جانتی ہوں بہت دل کر رہا ہے میرا بھی دل کرتا ہے ۔صبح اٹھ کر اگلا دن ہو گا تو بے شک دو سلائس پر چاکلیٹ لگا لینا ۔۔۔۔جنت کے قصے بھی سنائے چاکلیٹ کی نہر بنوائیں گے۔۔۔۔وہ تھکتی جا رہی تھی ۔۔۔۔میں بھی تھک رہی تھی۔۔۔

وہ مجھے غصے میں پیار بھی نہیں کرنے دے رہی تھی ۔۔۔وہ سو گئ تھی بھوکی ہوتی تو کچھ اور کھا لیتی لیکن ضد پر بھوکے سو جانے میں کوئ مضائقہ نہیں ہے۔

میں چیخی نہیں چلائ نہیں اس کو چھوڑا نہیں ۔۔۔۔

صبح وہ بالکل ٹھیک اٹھی تھی اتنا فریش کہ اس کو یاد بھی نہیں تھا کہ رات کو وہ بہت روئ تھی۔ ہماری صبح اچھے محبت بھرے انداز میں ہو گئ تھی۔۔۔۔

کوئ بھی لمحے اس طرح کے بہت مشکل ہوتے ہیں لیکن محبت بھری پیرنٹنگ کا مطلب یہ بالکل بھی نہیں کہ اصولوں سے ہٹ جایا جائے یا بچے کے ہاتھوں والدین بلیک میل ہو جائیں ۔یاد رہے یہ سب میں نے اس کے ساتھ پہلی دفعہ کیا ہے کیونکہ اب وہ 7 سال کے قریب ہے ۔

رحمہ طارق

11 اگست 2025

Loading